Time 22 فروری ، 2025
انٹرٹینمنٹ

فرحان علی آغا نے نوجوانوں کو فٹنس کے راز بتا دیے، مشورہ بھی دیا

فرحان علی آغا نے نوجوانوں کو فٹنس کے راز بتا دیے، مشورہ بھی دیا
آج کل لوگ وائی فائی پر چل رہے ہیں: فرحان علی آغا/ فوٹو انسٹاگرام

پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار فرحان علی آغا نے نوجوانوں کو فٹنس کے راز بتا دیے۔

سینئر اداکار ان دنوں اپنی فٹنس کی وجہ سے سوشل میڈیا پر وائرل ہیں جس کے بعد انہوں نے انسٹاگرام پر جم میں باڈی بلڈنگ کرنے کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔

حال ہی میں سینئر اداکار نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے فٹنس کے حوالے سے نوجوانوں کو مشورہ دیا۔

فرحان علی آغا نے کہا کہ دیسی کھانوں کا استعمال کریں، دیسی کھانوں سے نقصان نہیں ہوتا، زیادہ کھانا کھائیں لیکن صحیح چیز کھائیں۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 80 فیصد فٹنس کھانے کی وجہ سے بنتی ہے اور صرف 15 فیصد فٹنس کیلوریز کو جسم سے جلانے سے ملتی ہے۔

اداکار نے اپنی فٹنس کے بارے میں کہا کہ میں ایکسرسائز کے ساتھ ساتھ دوڑ بھی لگاتا ہوں اور فٹنس کا خیال کافی ٹائم سے رکھ رہا ہوں۔

فرحان علی آغا کا کہنا تھا کہ آج کل لوگ نفسیاتی طور پر فوکس نہیں ہوتے، سر الگ ہے اور جسم الگ ہے، وہ کسی اور چیز کے بارے میں سوچ رہے ہوتے ہیں اور کام مختلف کررہے ہوتے ہیں، پرانے وقتوں میں اگر لوگوں کے دماغ اور جسم منقطع ہوتے تو تب بھی ایک تعلق تھا لیکن آج کل لوگ وائی فائی پر چل رہے ہیں، زندگی میں فوکس ہونا ضروری ہے۔

مزید خبریں :