02 مئی ، 2023
پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر سلیم ملک نے بابر اعظم کی بطور کپتان حمایت کر دی۔
جیو نیوز سے گفتگو میں سلیم ملک نے کہا کہ بابر اعظم ابھی ینگ ہے، کپتانی ایسی چیز ہے جو ایک دن میں نہیں آتی،وقت لگتا ہے، بابر پاکستان کا بڑا نام ہے، انہیں پورا موقع دینا چاہیے۔
سلیم ملک نے کہا اگر پاکستان کی اچھی ٹیم بنانی ہے تو بابر کو موقع دینا ہوگا، اگر وہ کہیں غلطیاں کرتاہے تو تنقید کے بجائے اس کی اصلاح کی جائے، اس میں کوئی شک نہیں کہ پنڈی کی بیٹنگ وکٹ تھی، مگر پاکستان اچھا کھیلا۔
انہوں نے کہا کہ فخر زمان نے بہت اچھی اننگز کھیلی، ہمیشہ کہتا ہوں فخر کو ریگولر بنیادوں پر پلیئنگ الیون کا حصہ ہونا چاہیے، ورلڈکپ سے پہلے قومی ٹیم اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے، اللہ کرے کہ ہم ورلڈکپ جیت جائیں۔
سلیم ملک نے کہا نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی کے میچز مشکل ہوں گے، کراچی کی پچ پر بڑا اسکور نہیں ہو گا،وہاں پر اسپنرز کا بڑا رول ہوگا، جس ٹیم کی اسپن بولنگ اچھی ہوگی انہیں ایڈوانٹیج ہو گا، ڈپارٹمنٹ کرکٹ کی بحالی خوش آئند ہے ، کھلاڑیوں کو روزگار ملے گا۔