Time 05 مئی ، 2023
کاروبار

ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 48 فیصد سے تجاوز کرگئی

ایک ہفتے میں 30 اشیاء مہنگی اور 9 کی قیمتوں میں کمی آئی: ادارہ شماریات/ فائل فوٹو
ایک ہفتے میں 30 اشیاء مہنگی اور 9 کی قیمتوں میں کمی آئی: ادارہ شماریات/ فائل فوٹو

 اسلام آباد: ادارہ شماریات نے ملک میں مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی،  مہنگائی کی شرح  ایک اعشاریہ صفر پانچ فی صد اضافے کے بعد مجموعی شرح اڑتالیس اعشاریہ تین پانچ فیصد ہوکر تاریخی بلندی پر پہنچ گئی ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران آٹے، چینی، گائے اور مرغی کے گوشت، انڈوں، دالوں، دودھ اور دہی سمیت بنیادی ضروریات زندگی کی تیس اشیاء مہنگی ہوئیں۔

ملک میں 44 ہزار 175 روپے سے زائد ماہانہ آمدن والوں کیلئے مہنگائی کی شرح 49.75 فی صد رہی جبکہ 30 اشیاء مہنگی جبکہ 9 کی قیمتوں میں کمی آئی اور 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں زندہ مرغی فی کلو 35 روپے 74 پیسے مہنگی ہوئی، آلو 3 روپے، دال چنا 4 روپے 82 پیسے، دال مسور 5 روپے 11 پیسے مہنگی ہوئی۔

ایک ہفتے کے دوران دال ماش 6 روپے 81 پیسے، دال مونگ ایک روپیہ 42 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی جبکہ انڈے 4 روپے 89 پیسے فی درجن اور آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 24 روپے سے زائد اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے مٹن، تازہ دودھ، دہی، بیف  اورچینی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ پیاز 14 روپے، لہسن12 روپے اور ٹماٹر کی قیمت میں 1 روپے فی کلو کم ہوئی۔

ادارہ شماریات کے جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران برانڈڈ گھی اور سرسوں کا تیل بھی سستا ہونے والی اشیاء میں شامل رہا۔

مزید خبریں :