Time 05 مئی ، 2023
کھیل

پی سی بی کی پی ایس ایل میچز امارات میں کرانے کی تجویز، فرنچائزز نے مخالفت کردی

اجلاس میں پی سی بی حکام نے پی ایس ایل کے کچھ میچز کو یو اے ای منتقل کرنے اور دو نئی ٹیموں کی شمولیت کی تجویز پیش کی— فوٹو: فائل
اجلاس میں پی سی بی حکام نے پی ایس ایل کے کچھ میچز کو یو اے ای منتقل کرنے اور دو نئی ٹیموں کی شمولیت کی تجویز پیش کی— فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن ایٹ کے بعد گورننگ کونسل کا اجلاس لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) منیجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی کی صدارت میں ہوا۔

اجلاس میں پی سی بی حکام نے پی ایس ایل کے کچھ میچز کو  یو اے ای منتقل کرنے  اور دو نئی ٹیموں کی شمولیت کی تجویز پیش کی جس کی فرنچائز  مالکان نے مخالفت کردی۔

کئی گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں پی سی بی نے پی ایس ایل کے میچز  یو اے ای میں کرانے کی تجویز دی جس میں فرنچائزز کو یو اے ای میں میچز کرانے کے فوائد کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

پی سی بی حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان میں تماشائی کم آتے ہیں اور سیکورٹی کی مد میں اخراجات بھی زیادہ ہیں جبکہ زیادہ تر غیر ملکی کھلاڑی بھی نہیں آتے۔

فرنچائزز مالکان نے پی سی بی کی اس تجویز کی مخالفت کی۔ اجلاس میں پی ایس ایل کی ساتویں اور آٹھویں ٹیم پر بھی تفصیلی بات ہوئی جس کی فرنچائز مالکان نے مخالفت کی۔

فرنچائزز کا کہنا تھا کہ دو نئی ٹیموں کیلئے کھلاڑی کہاں سے آئیں گے؟ ان تجاویز پر غور کیلئے ایک جائزہ کمیٹی قائم کی جائے۔

اجلاس میں فرنچائزز کو بتایا گیا کہ پی ایس ایل 8 سے غیر معمولی مالی فائدہ ہوا جس کی تفصیلات جلد ہی فرنچائزز سے شیئر کی جائیں گی۔

پی ایس ایل 9 کی ونڈو کیلئے فروری کے مہینے پر بات ہوئی جبکہ ویمن لیگ کیلئے فرنچائز مالکان کو ٹیمیں لینے کا کہا گیا۔

پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان ویمن لیگ سے فرنچائز کو نقصان نہیں ہو گا۔ اجلاس میں پی ایس ایل کے اگلی مدت کیلئے براڈ کاسٹنگ رائٹس کے لیے بڈ کمیٹی بھی  تشکیل دے دی گئی۔

مزید خبریں :