13 مئی ، 2023
پاکستان کرکٹ ٹیم کے جارحانہ بیٹر فخر زمان کا کہنا ہے کہ بابر اعظم اور محمد رضوان نے اسٹینڈرڈ بہت ہائی کردیا ہے اور ٹیم میں سب کی کوشش ہوتی ہے کہ ان کی طرح کھیلیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے فخر زمان نے کہا کہ اپنی خامیاں دور کرنے کے لیے کام کریں تو کامیابیاں ملتی ہیں، میری کوشش ہوتی ہے اپنی کرکٹ پر زیادہ فوکس کروں۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ ایسی گیم ہے جس میں آپ پیشگوئی نہیں کرسکتے، کپتان بابر اعظم کے بارے میں یہ کہہ سکتے ہیں کہ دس میں سے پانچ میچوں میں بڑا سکور کرے گا۔
فخر نے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں آکر پاور ہٹنگ اور فٹنس بہتر ہوئی، 2016 میں میری جو تکنیک تھی اب وہ نہیں ہے۔
امام الحق کے ساتھ تعلق کے بارے میں اوپننگ بیٹر نے کہا کہ گراؤنڈ میں اور باہر بھی میری امام سے گپ شپ ہوتی ہے، ہم دونوں حبیب بینک کی طرف سے کافی عرصہ ساتھ کھیلتے رہے،امام الحق لگتے نہیں لیکن بہت زیادہ خوش مزاج اور مزاحیہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے جب بھی رنز کرتے ہیں تو اچھا لگتا ہے، کافی عرصہ سے اسکور نہیں ہوا تھا، جس پر بہت محنت کی، ہم لوگ ورلڈکپ کو زیادہ دماغ پر لے لیتے ہیں،جب ورلڈ کپ آئے گا ہم پہلے کی طرح تیاری کریں گے۔
فخر نے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی سے متعلق کہا کہ میں مچل اسٹارک، ٹرینٹ بولٹ کو بھی کھیلا ہوں لیکن شاہین آفریدی کو کھیلنا مشکل ہے، محمد رضوان اور بابر اعظم نے اسٹینڈرڈ ہائی کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب کی کوشش ہے رضوان بابر کی طرح کھیلیں، بیٹنگ کے علاوہ بولنگ میں بھی تمام کھلاڑی شاندار کارکردگی دکھا رہے ہیں۔