پاکستان
27 دسمبر ، 2012

دہشت گردی سے نجات : فوج اورسیاسی جماعتیں متحدہوجائیں،لطاف حسین

دہشت گردی سے نجات : فوج اورسیاسی جماعتیں متحدہوجائیں،لطاف حسین

کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ مسلح افواج کے سربراہان اورسیاسی ومذہبی جماعتیں پاکستان کودہشت گردی سے نجات دلانے کے ایک نکتہ پر متحدہوکرفیصلہ کن معرکہ شروع کردیں۔ انہوں نے یہ بات آج ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروعزیزآبادکودورہ کرنے والے پاکستان علماء کونسل کے سربراہ حافظ طاہر اشرفی اوران کے وفد کے دیگرارکان سے فون پرگفتگوکرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان اورحق پرست صوبائی وزراء بھی موجود تھے۔ الطا ف حسین نے پاکستان علماء کونسل کے وفدکونائن زیروآمدپر خوش آمدیدکہا اوروفدسے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ہماری دن رات یہی کوشش ہے کہ پاکستان کودنیاوی خطرات سے کس طرح محفوظ رکھاجائے، وقت کاتقاضہ ہے کہ تمام سیاسی ومذہبی جماعتیں وقت کی نزاکت کااحساس کریں اور دہشت گردی اورقتل وغارتگری کے خلاف متحدہوجائیں ، مسلح افواج کے سربراہان اورملک کی تمام سیاسی ومذہبی جماعتیں دہشت گردی سے نجات دلانے کیلئے متحدہوکرفیصلہ کن معرکہ شروع کردیں۔مسلح افواج نے ملک کومحفوظ بنانے کیلئے پہلے بے مثال قربانیاں دیں،وقت آگیاہے کہ ایک مرتبہ پھرپوری قوم ملک کوبچانے کے ایک نکتہ پر متحدہوجائے ۔ الطاف حسین نے کہاکہ ہم ملک سے جبر کے نظام کے خاتمہ اورعدل وانصاف کے نظام کے قیام کیلئے جدوجہدکررہے ہیں اورکرتے رہیں گے۔ ہمیں جدیدسائنسی علوم کے حصول کے ساتھ ساتھ دین کے بارے میں بھی معلومات ہونی چاہئیں کہ بزرگان دین نے کس طرح دین کوپھیلایااورعملی زندگی میں ان کاکردار اوررویہ کیسارہا۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم خلفائے راشدین کادور اوران کی سادگی دیکھتے ہیں اوراپنے حکمرانوں سے اس کاموازنہ کرتے ہیں توسرشرم سے جھک جاتے ہیں۔ الطا ف حسین نے وفدسے کہاکہ نائن زیروکے علاوہ پورے پاکستان میں میری کوئی جائیدادنہیں، ایم کیوایم 1987ء سے انتخابات میں حصہ لے رہی ہے ، ایم کیو ایم کے نمائندے میئر،ڈپٹی میئرناظمین ، ایم این ایز،ایم پی ایزاورسینیٹرزمنتخب ہوئے اورایم کیوایم کئی بارحکومتوں کاحصہ رہی۔میں چاہتا توملک بھر میں میرے بڑے بڑے محلات ہوتے لیکن میں نے اپنی جماعت کواپنی ذات کے مفادکیلئے استعمال نہیں کیااوراللہ تعالیٰ نے مجھے مفاد پرستی، دھوکہ بازی اور بے ایمانی سے محفوظ رکھا۔اس موقع پر پاکستان علماء کونسل کے سربراہ حافظ طاہر اشرفی نے الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے خیالات سے اتفاق کیااور ملک کودہشت گردی سے نجات دلانے کیلئے اپنی بھرپورتائیدوحمایت کایقین دلایا۔انہوں نے ملک میں خلافت راشدہ کے نظام انصاف کے نفاذ کے بارے میں الطا ف حسین کے بیان کازبردست خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ آپ کایہ بیان مذہبی جماعتوں ہی کی نہیں بلکہ پورے ملک کی آوازہے اور پاکستان کے سارے عوام کانعرہ ہے کہ جبرکانظام ختم ہو اورخلافت راشدہ کاعدل وانصاف کانظام قائم ہو ،انھوں نے مزید کہاکہ ایم کیوایم کے بارے میں بعض عناصرکی جانب سے بہت پروپیگنڈے کئے گئے لیکن مثبت سیاست اورآپ کے عملی اقدامات نے تمام تر پروپیگنڈوں کوغلط ثابت کردیا اورایم کیوایم کی قیادت نے علماء اور مدارس کے طلبہ کے قتل اوردہشت گردی کے واقعات پر جس طرح واضح موٴقف اختیارکیا اور جس طرح ان سے ہمدردی کااظہارکیاہے اس نے علماء اورطلبہ کے دل جیت لئے ہیں۔انہوں نے نائن زیرو پر اپنے وفدکابھرپورخیرمقدم کرنے پر الطاف حسین کاشکریہ اداکیا۔

مزید خبریں :