کراچی سے سابق رکن قومی اسمبلی جمیل احمد کا بھی پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان

اسلم خان کے بعد کراچی سے تعلق رکھنے والے سابق رکن قومی اسمبلی جمیل احمد خان نے بھی پاکستان تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔ 

سابق رکن قومی اسمبلی کیپٹن جمیل احمد خان نے موجودہ صورتحال کے حوالے سے اپنا ویڈیو بیان جاری کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لگ بھگ 13 سال تک پاکستان آرمی میں بطور کپتان اپنی خدمات سرانجام دیتا رہا، بڑے فخر کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ اب میرا بیٹا پاک فوج میں بطور لیفٹیننٹ ملکی دفاع میں مصروف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے ساتھ ایک عقیدت اور محبت کا رشتہ ہے، سیاست اور پاکستان تحریک انصاف کو اس لیے جوائن کیا تھا کہ اپنے ملک کی بہتر طریقے سے خدمت سرانجام دے سکوں۔

جمیل احمد نے کہا کہ 9 مئی کو جو واقعات ہوئے ان میں کچھ شرپسندوں نے ملکی تنصیبات، پاکستان فوج کی تنصیبات پر جلاؤ گھیراؤ کیا، ملک میں امن و امان کی صورتحال پیدا کی اور حکومت اور اسٹیٹ کی رٹ کو چیلنج کیا۔ 

اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے مزید کہا کہ ایسے تمام واقعات کی پرزور مذمت کرتا ہوں اور سمجھتا ہوں کہ ایسے تمام افراد کو قانون کے دائرے میں لایا جائے۔ 

انہوں نے کہا کہ ان واقعات سے دلبرداشتہ ہوکر اور دکھ کے ساتھ میں آج پاکستان تحریک انصاف سے الگ ہو رہا ہوں، میرے لیے میرا وطن پاکستان اور میری افواج پاکستان بہت مقدم ہیں۔

سابق رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان میں بہت پوٹینشل ہے، یہ ملک بہت عظیم مملکت ہے اور دنیا کی کوئی طاقت کوئی ہستی اس ملک کو مٹا نہیں سکتی، ان شاءاللہ یہ ملک بہت ترقی کرے گا اور میں ملک کے لیے اپنی خدمات کو جاری رکھوں گا۔

مزید خبریں :