30 مئی ، 2023
لندن: ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں ووسٹرشائر ریپڈز کی نمائندگی کرنے والے پاکستانی کرکٹر اسامہ میر کا کہنا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ پہلی مرتبہ کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کا موقع ملا اور اتنا اچھا پرفارم کیا۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے لیگ اسپنر اسامہ میر نے کہا کہ بچپن سے ہی خواہش تھی کہ ایک نہ ایک دن کاؤنٹی کرکٹ میں پرفارم کروں۔ بولنگ ہو یا بیٹنگ کوشش رہتی ہے کہ ٹیم کیلئے وننگ پرفارمنس دوں۔
انہوں نے کہا کہ صرف تین میچز کا کنٹریکٹ تھا کوشش تھی کہ ایسا پرفارم کروں کہ بعد میں ضرور سوچیں کہ کاش پورے سیزن کیلئے سائن کر لیتے، امید ہے مستقبل میں دوبارہ کاؤنٹی کرکٹ میں کھیلنے کا موقع ملے گا۔
اسامہ میر نے کہا کہ اظہر علی جیسے لیجنڈ کرکٹر ووسٹر شائر کا حصہ تھے ان کے کاؤنٹی کرکٹ کے تجربے سے بھی بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، کوچ قدیر علی اور کرکٹر کاشف علی نے بھی بھر پورسپورٹ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کی پہلی مرتبہ نمائندگی کی، بہت پذیرائی ملی، ملتان سلطانز میں کپتان رضوان، کوچ اینڈی فلاور اور عبدالرحمان اور حیدر اظہر سمیت تمام سینیئرز نے بہت سپورٹ کیا، ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ سلیکٹرز نے کرنا ہے، کوشش ہے جس فارمیٹ میں کھیلوں بہترین پرفارمنس دوں۔