وفاقی وزارت صحت میں 18 گریڈ کے افسر کو 20 گریڈ کی آسامی پر تعینات کردیا گیا

20 گریڈ کی ڈاکٹر شبانہ سلیم کو ہٹا کر گریڈ 18 کے ڈاکٹر عبدالبسیر خان کو تعینات کیا گیا، آواز اٹھانے پر 22 گریڈ کے ڈاکٹر فخر عالم سیکرٹری صحت کو ہی عہدے سے ہٹا دیا گیا— فوٹو: سوشل میڈیا
20 گریڈ کی ڈاکٹر شبانہ سلیم کو ہٹا کر گریڈ 18 کے ڈاکٹر عبدالبسیر خان کو تعینات کیا گیا، آواز اٹھانے پر 22 گریڈ کے ڈاکٹر فخر عالم سیکرٹری صحت کو ہی عہدے سے ہٹا دیا گیا— فوٹو: سوشل میڈیا

وفاقی وزارت صحت میں 18 گریڈ کے افسر کو 20 گریڈ کی آسامی پر تعینات کردیا گیا۔

20 گریڈ کی ڈاکٹر شبانہ سلیم کو ہٹا کر گریڈ 18 کے ڈاکٹر عبدالبسیر خان کو تعینات کیا گیا، آواز اٹھانے پر 22 گریڈ کے ڈاکٹر فخر عالم سیکرٹری صحت کو ہی عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

صوبہ بلوچستان سے محکمہ صحت کے 18 گریڈ کے ڈاکٹر عبدالبسیر خان ڈیپوٹیشن پر 3 ماہ کیلئے وزارت صحت میں آئے تاہم 3 ماہ گزرنے کے باوجود ڈاکٹر عبدالسیر خان ڈی جی ہیلتھ کے عہدے پر براجمان ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عبدالبسیر خان کی تعیناتی بھی بہت ہی حیران کن ہے، سابق 20 گریڈ کی ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر شبانہ سلیم بیرون ملک دورے پر تھیں جہاں ان کو نوٹیفکیشن موصول ہوا کہ انہیں ہٹا کر 18 گریڈ کے ڈاکٹر عبدالبسیر خان کو تعینات کیا گیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق جیسے ہی کوئی  اہل افسر ملے گا اسے تعینات کردیا جائیگا۔

معاملے کی تحقیقات جب 22 گریڈ کے سیکرٹری صحت ڈاکٹر فخر عالم نے شروع کی تو انہیں بھی عہدے سے ہٹا کر تبادلہ کردیا گیا۔

تمام معاملات پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے ڈاکٹر عبدالبسیر خان کی تعیناتی کو غیر قانونی اور سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے غیر قانونی تعیناتی پر وزارت صحت سے رپورٹ بھی طلب کررکھی ہے مگر تاحال وزارت صحت کی جانب سے اس معاملے پر کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

ڈاکٹر عبدالبسیر خان وفاقی وزیر صحت قادر  پٹیل کے ہمراہ جنیوا میں ورلڈ ہیلتھ اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرکے آچکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عبدالبسیر خان کی سیاسی وابستگی کے باعث انہیں یہ عہدہ دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :