07 جون ، 2023
بلوچستان کے سینئر وزیر نور محمد دمڑ سے قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کے اجلاس میں شرکت پر محکمہ منصوبہ بندی وترقیات کا قلم دان واپس لے لیا گیا۔
چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سینئر صوبائی وزیر نور محمد دمڑ سے محکمہ منصوبہ بندی وترقیات کا قلم دان واپس لے لیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق نور محمد دمڑ سے قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں شرکت پر محکمہ منصوبہ بندی وترقیات کاقلم دان واپس لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے وفاق کے رویے کے خلاف قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا تاہم سینئر صوبائی وزیر نور محمد دمڑ اور چیف سیکرٹری بلوچستان وزیراعلیٰ کی اجازت کے بغیر قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں شریک ہوئے تھے، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ان کی شرکت پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔