طوفان بپر جوائے: پورٹ قاسم سے ایل این جی کی سپلائی جزوی طور پر معطل

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کراچی: سمندری طوفان بپر جوائےکے سبب پورٹ قاسم سے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی سپلائی میں خلل آگیا ہے۔

 پورٹ قاسم حکام کے مطابق بندرگاہ سے ملک کو ایل این جی کی سپلائی جزوی طور پر معطل ہوگئی ہے۔

 پورٹ قاسم حکام کا کہنا ہے کہ  ایل این جی  ٹرمینل سے 4 گھنٹےکے لیےگیس سپلائی روکی گئی ہے۔

گیس کی قلت کے باعث صنعتوں کو  فرٹیلائزر اور سی این جی کی فراہمی بند ہوگئی ہے۔

گزشتہ روز ایک سینئر حکومتی اہلکار نے  اخبار دی نیوز کو بتایا تھا کہ  پیر کے روز ایل این جی کارگو 100 ایم ایم سی ایف ڈی ٹرمینل ون سے نہیں جاسکا ہے تاہم اگر صورتحال ایسی ہی رہی تو پاور سیکٹر کے لیے گیس کی دستیابی کم ہوجائے گی جس کے پیش نظر گیس سپلائی ایمرجنسی کا اعلان کیا جائےگا۔

سمندری طوفان سے  ونڈ انرجی میں بھی کمی پیدا ہونےکا خدشہ

وزارت توانائی پہلے ہی خبردار کرچکی ہےکہ سمندری طوفان سے ایل این جی کی ترسیل بجلی پیداوار اور  ترسیلی لائنیں متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ ونڈ انرجی میں بھی کمی پیدا ہونےکا خدشہ ہے۔

وزارت توانائی کے مطابق ایل این جی کی ترسیل متاثر ہونے سے بجلی کی پیداوار میں 1500 میگاواٹ کمی ہوسکتی ہے، وزارت توانائی ترسیلی مسائل کے باعث کول پاور پلانٹس کی 2400 میگاواٹ بجلی متاثر ہوسکتی ہے۔

وزارت توانائی کا کہنا تھا  کہ بجلی کی پیداوار میں کمی کو ڈیزل سے بجلی پیدا کرکے پورا کیا جائےگا اور ضرورت پڑنے پر لوڈشیڈنگ میں 3-2 گھنٹے اضافہ ہوسکتا ہے۔

طوفان  سے پہلے ہی کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش شروع 

دوسری جانب ممکنہ طوفان بپر جوائے سے پہلے ہی کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش شروع ہوگئی ہے۔

کراچی کے علاقوں گلستان جوہربلاک 8، ایف بی ایریابلاک 12، گارڈن ویسٹ، ڈیفنس ویو فیز ٹو، الفلاح، نارتھ کراچی، ملیرہالٹ، رفاع عام اور سعدی ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں سے بجلی بندش کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔

کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی کپمنی کےالیکٹرک کا کہناہے کہ حالیہ سائیکلون میں ملک میں آر ایل این جی کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے جس کا اثر بجلی کی پیداوارپر بھی ہوسکتا ہے، آر ایل این جی نہ ملنے پرکراچی میں 2 گھنٹےتک اضافی لوڈ مینیجمنٹ کی جاسکتی ہے، لوڈمینیجمنٹ کا اطلاق مستثنیٰ صارفین پر بھی ہوگا۔


مزید خبریں :