Time 14 جون ، 2023
کھیل

ویڈیو: سرفراز کے امریکا میں منعقدہ تقریب میں شرکاء کے سوالات کے دلچسپ جواب

قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے امریکی شہر ہیوسٹن میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کے دوران اپنے کیرئیر کے اتار چڑھاؤ پر کھل کر بات کرتے ہوئے شرکاء کے مشکل سوالات کے بھی بڑے دلچسپ جوابات دیے۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پاکستانی اور بھارتی کرکٹرز کے درمیان ہمیشہ اچھا تعلق رہا ہے، ماضی میں دونوں ملکوں کے درمیان سیریز زیادہ ہوتی تھیں جس سے تعلقات اچھے رہتے تھے، اب صرف آئی سی سی کے ایونٹس میں ملتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی 2017 ایک ایسا موقع ہے جسے پانا ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے، اللہ پاک نے ہمیں اس بہترین کامیابی کیلئے منتخب کیا جس پر  بے حد شکر گزار  ہیں۔ دعا ہے کہ پاکستان کو دوبارہ ایسا موقع ملے اور وہ میگا ایونٹ کی ٹرافی جیت کر آئیں۔

اپنے کرکٹ کرئیر کے ابتدائی دنوں کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے سرفراز نے کہا کہ جب کرکٹ شروع کی تھی تب معین خان آئیڈیل تھے اور ان کو فالو کرتا تھا۔ سابق بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی ایک مثالی کھلاڑی ہیں ان کی طرح بننا چاہتا ہوں۔

پسندیدہ اداکاروں کے حوالے سے بتاتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ اداکاروں میں سلمان خان پسندیدہ اداکار ہیں جبکہ اداکاراؤں میں کترینا کیف کا فین ہوں۔

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

اپنے تعلیمی سفر سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ کالج والے ہم تھے ہی نہیں، میٹرک تک بہترین پڑھائی کی ہے، فرسٹ ائیر کی تیاری  نہیں تھی تو  پھرے لیکر  پیپر دینے پہنچ گیا لیکن نقل کا موقع نہیں ملا تو چھوڑ کر واپس آگیا۔

سرفراز احمد نے پہلی نوکری کے دوران پہلی آمدنی سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ ڈپارٹمنٹ کی پہلی نوکری کے دوران انہیں 4 ہزار 600 روپے ملے تھے۔

اپنے بچپن کے دلچسپ دور سے متعلق بات کرتے ہوئے سابق کپتان نے بتایا کہ اب اسے چوری کہیں یا جو بھی لیکن بچپن میں جب پریکٹس پر جایا کرتا تھا تو آئسکریم اور بریانی کھانے کیلئے والد صاحب کی جیب سے پیسے نکال لیا کرتا تھا۔

اپنے گھروالوں سے اپنے تعلق کے حوالے سے دلچسپ یادیں شیئر کرتے ہوئےانہوں نے بتایا کہ گھر میں دین کا رجحان زیادہ تھا پڑھنے کے بجائے کھیلنے جانے پر والد سے بہت مار کھائی ہے۔

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ میچ میں جمائیاں لینے کا معاملہ کسی کے ساتھ بھی پیش آسکتا ہے، پاکستان میں جو لوگ پیار کرتے ہیں وہ کھل کر تعریف بھی کرتے ہیں۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر خود پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی پلیئر کبھی نہیں چاہتا کہ وہ جان بوجھ کر خراب پرفارم کرے، لیکن سب کے پاس موبائل ہے سوشل میڈیا پر ہر شخص اپنا چورن بیچ رہا ہے۔

اپنی زندگی کے سب سے یادگار لمحات کے حوالے سے سرفراز کا کہنا تھا کہ بہترین مواقع تو بہت سارے ہیں لیکن ملک کیلئے انڈر 19 ورلڈ کپ جیتنا، چیمپئنز ٹرافی کا فاتح بننا سنہرے لمحات ہیں۔

اپنی یادگار  پرفارمنس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ذاتی پرفارمنس کے اعتبار سے لارڈز کی سینچری، 2015 ورلڈ کپ میں ساؤتھ افریقہ کے خلاف کم بیک اور آخری ٹیسٹ کی چوتھی اننگز میں سینچری زندگی کی زبردست یادیں ہیں۔

مزید خبریں :