کھیل

ساف چیمپئن شپ: بھارتی ویزے کے اجرا میں تاخیر، پاکستان فٹبال ٹیم کی شیڈولڈ فلائٹ مس ہوگئی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بھارتی ویزہ نہ ملنے کی وجہ سے پاکستان فٹبال ٹیم کی بھارت روانگی تاخیر کا شکار ہے، قومی ٹیم کو اتوار کی صبح ماریشز سے بھارت روانہ ہونا تھا تاہم ٹیم کو ویزہ نہ مل سکا۔

ساف فٹبال کپ 21 جون سے بنگلور میں شروع ہورہا ہے، پاکستان کو افتتاحی روز بھارت کیخلاف میچ کھیلنا ہے۔

ایونٹ میں شرکت کیلئے پاکستان فٹبال ٹیم کو اتوار کو ماریشیز سے بھارت روانہ ہونا تھا تاہم ہفتے کی رات تک پاکستان ٹیم کو ویزے نہ ملے جس کی وجہ سے روانگی کیلئے بک کردہ فلائٹ پر ٹیم روانہ نہ ہوسکی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملے پر پاکستان فٹبال فیڈریشن اور آل انڈیا فٹبال فیڈریشن رابطے میں ہے جبکہ بھارتی فٹبال حکام اپنی حکومت سے بھی رابطے میں ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انڈین حکام نے پی ایف ایف کو پیر تک معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور پی ایف ایف بھی معاملہ پیر تک حل ہونے کیلئے پر امید ہے، پاکستان ٹیم کے پاسپورٹ اب بھی بھارتی سفارتخانے کے پاس ہی ہیں لیکن پیر تک ویزے نہ ملے تو پاکستان کی ٹورنامنٹ میں شرکت کھٹائی میں پڑ جائے گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلور میں ساف کپ کے منتظمین پر امید ہیں کہ پاکستان کو پیر کو ویزے جارے کردیے جائیں گے اور ٹیم منگل کی صبح تک بنگلور پہنچے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان فٹبال ٹیم نے گزشتہ ہفتے ماریشیز میں بھارتی سفارتخانے میں ویزوں کی درخواست جمع کرائی تھی، پاکستان فٹبال ٹیم کے ویزہ مسائل حل کرانے کیلئے ماریشیز میں پاکستان کا سفارتخانہ بھی رابطے میں ہے۔

مزید خبریں :