کھیل

مودی انتہا پسند ہے اسے بھارتی لوگ ہی ماریں گے، میانداد بھارتی وزیراعظم پر برس پڑے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کوچ جاوید میانداد نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید میانداد کا کہنا تھا کرکٹ میں سیاست کو نہیں لانا چاہیے لیکن بھارت پاکستان آنے کے لیے تیار نہیں ہے، اگر میں ہوتا تو میں بھارت جاکر کھیلنے سے فوری طور پر انکار کر دیتا اور جب تک بھارت کھیلنے کے لیے ہمارے پاس نہیں آتا تو پاکستان کو بھی وہاں نہیں جانا چاہیے۔

جاوید میانداد کا کہنا تھا ہم بھارت میں پہلے کھیل کر آئے ہوئے ہیں، ہمارا پہلے یہی معاملہ ہوتا تھا کہ ایک سال بھارتی ٹیم پاکستان آتی تھی اور ایک سال ہم وہاں کھیلنے جاتے تھے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا جس طرح کے حالات ہیں اور خاص طور پر نریندر مودی نے تو کرکٹ اور بھارت دونوں کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے، مودی ایک انتہا پسند شخص ہے اور ایک وقت آئے گا کہ بھارت کے اپنے لوگ اسے ماریں گے۔

جاوید میانداد کا کہنا تھا بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ایک بالکل الگ سمت میں جا رہے ہیں، آپ اپنے پڑوسی کیسے بدل سکتے ہیں اور اپنے پڑوسی کو کیسے ختم کر سکتے ہیں، کھیل تو وہ چیز ہے تو برائیوں سے بچاتی ہے اور دو ممالک کو ملاتی ہے، اس سے آپس میں تعلقات بنتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا ہم تو آپ کی طرف ہاتھ بڑھانا چاہتے ہیں آپ بھی آئیں اور ہماری طرف ہاتھ بڑھائیں، ہم سے بات کریں تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات بہتر ہوں اور کھیلوں کو فروغ ملے۔

انہوں نے کہا کہ میرا تو اس معاملے میں بڑا واضح مؤقف ہے کہ جب تک بھارت ہمارے ملک میں آکر نہیں کھیلتا تو ہمیں بھی بھارت نہیں جانا چاہیے، ہماری کرکٹ ان سے بہت اچھی اور زبردست ہے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ وہ نہیں آتے تو بھاڑ میں جائیں، ان کے نہ آنے کے باوجود ہمارے پاس بہترین کرکٹر پیدا ہو رہے ہیں، ہمارے کھلاڑیوں کا دنیا میں نام ہے۔

مزید خبریں :