20 جون ، 2023
ساف کپ کے لیے پاکستان کی فٹبال ٹیم کی بھارت روانگی کا معاملے پر ایک ساتھ 32 سیٹوں کی بکنگ پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے لیے چیلنج بن گئی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ صبح کے وقت ماریشیس سے بھارت روانگی کے آپشنز ملنے میں دشواریاں ہیں، پاکستان فٹبال فیڈریشن نے فلائٹس کے بہترین آپشنز کے لیے انڈین فیڈریشن سے بھی رابطہ کیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان ٹیم کے لیے شام کے وقت کی فلائٹس مل سکتی ہیں، شام کی فلائٹ کی صورت میں پاکستان ٹیم میچ ڈے پر ہی بھارتی شہر بنگلورو پہنچے گی۔
خیال رہے کہ ماریشیس سے براستہ ممبئی بنگلورو کی فلائٹ کا دورانیہ 12 گھنٹے کا ہے اور ساف کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 22 جون کی شام کو ہونا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستانی ٹیم کے بدھ کی صبح پہنچنے کی صورت میں پاک بھارت میچ ری شیڈول کرنا پڑ سکتا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان ٹیم کو بھارت کے ویزے تاخیر سے آج جاری ہوئے ہیں، ویزوں کے اجرا میں تاخیر کی وجہ سے پاکستان ٹیم پہلے سے بک شدہ فلائٹ پر نہیں جا پائی تھی، پاکستان کو اس سے قبل شیڈول کے مطابق اتوار کو ماریشیس سے بھارت کے لیے روانہ ہونا تھا۔