Time 20 جون ، 2023
کھیل

ٹیسٹ کرکٹ چیلنج ہےجس میں ہر چیز کا ٹیسٹ ہوتا ہے : نسیم شاہ

کوشش کریں گے کہ ایشیا کپ میں اچھی پرفارمنس ہو اور جیتیں : فاسٹ بولر نسیم شاہ/فوٹوفائل
 کوشش کریں گے کہ ایشیا کپ میں اچھی پرفارمنس ہو اور جیتیں : فاسٹ بولر نسیم شاہ/فوٹوفائل 

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے ٹیسٹ کرکٹ کو ایک چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ ایک مختلف قسم کا چیلنج ہے اس میں ہر چیز کا ٹیسٹ ہوتا ہے۔

 لاہور میں جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہو ئےفاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا کہ انگلینڈ سے  ابھی  واپس آیا ہوں اس لیے گرم موسم کا جلد عادی ہونے کی کوشش کر رہا ہوں،پاکستان اور سری لنکا کا ایک جیسا موسم ہو گا اس لیے زیادہ فرق نہیں پڑے گا۔

انھوں نے کہا کہ انگلینڈ میں وائٹ بال کرکٹ کھیلا،  وہاں سردی بھی بہت تھی اس لیے واپس آتے ہی ریڈ بال سے ٹریننگ شروع کر دی، سری لنکا میں ہم نے 2 ٹیسٹ میچز کھیلنا ہیں اور اس کے لیے ہماری تیاری اچھی ہو رہی ہے۔

 سری لنکا کی گرمی میں ٹیسٹ میچ کھیلنا ایک چیلنج ہوتا ہے : نسیم شاہ 

نسیم شاہ نے کہا کہ  سری لنکا کی گرمی میں ٹیسٹ میچ کھیلنا ایک چیلنج ہوتا ہے اور پروفیشنل کرکٹر ہونے کے ناطے ہم اس چیلنج کو قبول کرتے ہیں اور اس کے لیے ہم خود کو تیار کر رہے ہیں ۔

نسیم شاہ انگلینڈ میں مختصر دورانیے کے لیے ٹی ٹوئنٹی  بلاسٹ کھیل کر وطن پہنچے ہیں  ، ان کا کہنا ہے تھا کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز میں کھیلنے کا تجربہ بہت اچھا رہا ، وہاں مختلف کنڈیشنز میں کھیلنا چیلنج ہوتا ہے ، مستقبل میں یہ تجربہ کام آئے گا۔

فوٹوبشکریہ سوشل میڈیا
فوٹوبشکریہ سوشل میڈیا 

15 ٹیسٹ میچز میں 42 وکٹیں حاصل کرنے والے نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ آسان نہیں ہوتی یہ ایک مختلف چیلنج ہے،  دنیا اسی کو اچھا مانتی ہے جو تینوں فارمیٹ میں اچھا کرتاہے ، ٹیسٹ ایسا فارمیٹ ہے جس میں آپ کی ہر چیز ٹیسٹ ہوتی ہے،ٹیسٹ کرکٹ میں ہی فٹنس اور اسکلز کا پتہ چلتا ہے۔

فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ  اگرچہ مجھے جو بھی فارمیٹ ملتا ہے  میں  انجوائے کرتا ہوں ، میری کوشش ہے کہ میں تینوں فارمیٹ کھیلوں اور اچھا کروں ،ٹیسٹ  میں جب آپ لمبی بولنگ کرتے ہیں تو پھر اس کا ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں فائدہ ہوتا ہے۔

کوشش کریں گے کہ ایشیا کپ میں اچھی پرفارمنس ہو اور جیتیں : نسیم شاہ 

نسیم شاہ کے گزشتہ ایشیا کپ میں مارے گئے چھکے سب کو یاد ہیں ،  نسیم شاہ ایک بار پھر ایشیا کپ میں ویسی کارکردگی دہرانے کے حوالے سے کہتے ہیں ماضی کی پرفارمنس کو آپ یاد تو کر سکتے ہیں لیکن اس کے لیے آپ کو دگنا محنت کرنا پڑتی ہے ، کوشش کریں گے کہ ایشیا کپ میں اچھی پرفارمنس ہو اور جیتیں۔

فوٹوبشکریہ سوشل میڈیا
فوٹوبشکریہ سوشل میڈیا 

بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کے بارے میں نسیم شاہ نے کہا کہ ورلڈکپ ابھی بہت دور ہے اور میں زیادہ لمبا نہیں سوچتا ، اس وقت آنے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے محنت ہو رہی ہے ، ورلڈ کپ سے پہلے کافی ون ڈے میچز ہمیں ملیں گےزندگی رہی تو ورلڈ کپ کے لیے جائیں گے اور اچھا کھیلیں گے۔

مزید خبریں :