28 اپریل ، 2023
پاکستان ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے والدہ کے انتقال کے بعد ذہنی تناؤ کا شکار ہونے اور سال بھر دوائیاں لینے کا انکشاف کیا ہے۔
نجی ٹی وی کو دیےگئے انٹرویو میں نسیم شاہ نے بتایا کہ میں آج بھی والدہ کی یاد پر بات نہیں کرپاتا، میں ان کے انتقال کے باوجود آج بھی ان سے تنہائی میں باتیں کرتا ہوں ، وہ واحد انسان تھیں جن سے میں اپنی زندگی کا ہر اچھا برا شیئر کرسکتا تھا۔
فاسٹ بولر نے جذباتی ہوتے ہوئے بتایا کہ ’مجھ سے آج بھی والدہ کی یاد کے باعث گاؤں نہیں جایا جاتا، میں وہاں جاؤں تو دروازے دیکھ کر والدہ کا عید ملنا ان کا آنا جانا پھر سے یاد آنے لگتا ہے، مجھے ذہنی تناؤ ہونے لگتا ہے لیکن میں انھیں تصور میں لاکر ان سے باتیں کرتا ہوں‘۔
نسیم شاہ کے مطابق ’ والدہ کے انتقال کے بعد جذباتی ہوکر ایسی باتیں کرنے لگ گیا تھا کہ میرے کوچز اور منیجر مجھے سمجھاتے تھے کہ ایسی باتوں سے اللہ ناراض ہوجاتے ہیں، میں والدہ کے انتقال کے بعد ایک سال تک ذہنی تناؤ کی گولیاں کھاتا رہا، اس وقت میں ذہنی طور پر اتنا کمزور ہوگیا تھا کہ گھڑی ہاتھ میں پہنی ہوتی تھی اور میں ڈھونڈتا رہتا تھا، میرے ساتھی کھلاڑی بھی جانتے تھے میں کوئی بھی چیز بھول جاتا ہوں جو کہ امی کے انتقال سے پہلے نہیں تھا' ۔