کھیل

چیئرمین پی سی بی کی تعیناتی: وزیراعظم آج بورڈ آف گورنرزکیلئے 2 ناموں کی منظوری دینگے

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین کی تعیناتی کے لیے وزیراعظم شہباز شریف آج پی سی بی بورڈ  آف گورنرز  کے لیے 2  ناموں کی منظوری دیں گے۔

ذرائع کے مطابق  وزیراعظم کی جانب سے ذکااشرف اور مصطفیٰ رمدے کا نام بھجوائے جانےکا امکان ہے، وزیر اعظم کے دو ناموں کے ساتھ بورڈ آف گورنرز کی تعداد 10 ہوجائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ 4 ڈیپارٹمنٹ اور 4 ایسوسی ایشن کے ممبران بورڈ  آف گورنرز  میں شامل  ہوں گے، وزیر اعظم کی طرف سے 2 نامزدگیوں کے بعد چیئرمین پی سی بی کا الیکشن ہوگا، چیف الیکشن کمشنر  پی سی بی انتخاب کا شیڈول جاری کریں گے۔

 ذرائع کے مطابق  رواں ہفتے  ہی  چیئرمین  پی سی بی کا  الیکشن  ہونے کا  امکان ہے جب کہ  چیئرمین  مینیجمنٹ کمیٹی  نجم سیٹھی کے عہدے کی مدت 21 جون کو  ختم ہوجائے گی۔

خیال رہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملے پر مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان گزشتہ کئی روز سے تنازع چلا  آرہا تھا، ن لیگ چاہتی تھی کہ نجم سیٹھی کرکٹ بورڈ کے معاملات کو بہتر انداز سے چلا رہے ہیں اس لیے انہیں ہی برقرار رکھا جائے جب کہ پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کا حق ہے، حکومت اگر نجم سیٹھی کو رکھنا چاہتی ہے تو انہیں کہیں اور لگا دیا جائے۔

نجم سیٹھی کی جانب سے خود کو اس دوڑ سے باہرکرنے کے بعد ذکا اشرف کے لیے راہیں ہموار ہوگئی ہیں،فوٹو: فائل
نجم سیٹھی کی جانب سے خود کو اس دوڑ سے باہرکرنے کے بعد ذکا اشرف کے لیے راہیں ہموار ہوگئی ہیں،فوٹو: فائل

نجم سیٹھی چیئرمین پی سی بی کی دوڑ سے باہر

تاہم اب پی سی بی مینیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی خود ہی چیئرمین کرکٹ بورڈ کی دوڑ سے باہر ہوگئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ میں شہباز شریف اور آصف زرداری کے درمیان تنازع کا سبب نہیں بننا چاہتا، اس طرح کا عدم استحکام پی سی بی کے لیے بھی ٹھیک نہیں ہے، موجودہ صورتحال میں اب میں چیئرمین شپ کا امیدوار  نہیں ہوں۔

نجم سیٹھی کی جانب سے خود کو اس دوڑ سے باہرکرنےکے بعد ذکا اشرف کے لیے راہیں ہموار ہوگئی ہیں۔

مزید خبریں :