31 دسمبر ، 2012
اسلام آباد…ملک کے تمام نشیبی اور بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ آج اسکردو منفی 14 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ ملک کا سرد ترین علاقہ رکارڈ کیا گیا ہے۔ سندھ پنجاب ، بلوچستان اور کشمیر کے تمام ہی علاقے بدستور شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں ، بلتستان ڈویڑن کے بالائی علاقوں میں اب بھی وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے۔ شہروں میں سرد یخ بستہ ہوائیں چلنے کے باعث لوگوں کے معمولات زندگی متاثر ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک ملک کے زیادہ تر علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہے گی۔پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں ،پشاور اور سکھر ڈویڑن میں رات اور صبح کے وقت شدید دھند چھائی رہے گی۔آج سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 14 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا۔ استور میں منفی 12، پاراچنار اور کالام منفی 11 ، قلات اور کوئٹہ منفی 10اور سبی میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔