Time 10 جولائی ، 2023
پاکستان

کراچی سے 2 کسٹمز افسران کی پراسرار گمشدگی، حدود کا تنازع، مقدمہ درج نہ ہوسکا

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

پاکستان کسٹمز کے دو سینئر افسران کی کراچی سے گمشدگی کا مقدمہ تین روز گزرنے کے باوجود درج نہیں کیا جا سکا۔ 

ساؤتھ پولیس نے روایتی حدود کا تنازع قرار دے کر معاملہ پر ضلع شرقی پولیس کو ذمہ دار قرار دے دیا۔

سپریٹنڈنٹ طارق محمود اور یاور عباس جمعہ سات جولائی کی شام اپنے دفاتر سے گھر کے لیے نکلنے کے بعد لاپتہ ہوگئے تھے، افسران کے اہلخانہ کے رابطے پر دی گئی درخواست پر ساؤتھ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔ 

اس حوالے سے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر سپریٹنڈنٹ پولیس ساؤتھ اسد رضا نے بتایا کہ لاپتہ کسٹمز انفورسمنٹ میں تعینات افسران طارق محمود اور یاور عباس کے موبائل فون شارع فیصل پر کارساز کے قریب بند ہوئے۔

 دونوں موبائل فونز 7 جولائی کی شام 7 بجکر 32 منٹ پر کارساز کے قریب بند ہوئے، وقوعہ کو تین روز گزر جانے کے باوجود پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج نہیں کیا۔ 

ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق کسٹمز افسران کے اغوا کا وقوعہ کراچی ایسٹ ڈسٹرکٹ پولیس کے علاقے میں ہے، اہلخانہ کو کراچی ایسٹ پولیس سے رجوع کرنے کا کہہ دیا ہے۔

مزید خبریں :