15 جولائی ، 2023
پاکستانی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکا میں ہونے والے ’ہوم لیس‘ ورلڈ کپ فٹبال کا فائنل جیت لیا۔
فائنل میں پاکستانی ٹیم نے جرمنی کو 0-4 کی شکست دی۔ امریکا کے شہر سیکری منٹو کیلی فورنیا میں ہونے والے ورلڈ کپ میں دنیا کی 28 ٹیموں نے شرکت کی۔ فزیکل ایجوکیشن ڈویلپمنٹ اینڈ پیس فائونڈیشن (پی ای ڈی پی ایف) کے زیراہتمام ایونٹ میں حصہ لینے والی پاکستانی ٹیم کو ابتدائی میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن اس کے بعد کھلاڑیوں نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ حاصل کی۔
سیمی فائنل میں پاکستان نے یونان کے خلاف عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے 2-9 سے کامیابی حاصل کی اور فائنل میں جرمنی کو 2-4 سے شکست دیکر ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔
قومی ٹیم نعمان، مزیم، اسامہ، محمد حسین، آغا مہدی، عتیق، احمد انوار اور حمزہ پر مشتمل تھی جبکہ آفیشلز میں احمد نواز شامل تھے۔
احمد نواز نے پاکستانی ٹیم کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پہلےہونے والے ورلڈ کپ میں بھی ہماری ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھااور ایک بار پھر اللہ عزت دی ہے۔ ہمارا مقصد بے گھر بچوں کو کھیلوں کی سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ ہمارے بے گھر کھلاڑیوں نے امریکا میں بھی قومی پرچم لہرایاہے۔ ہمارے کھلاڑیوں نے اپنی اس کامیابی سے دنیا کو پیغام دیا ہے پاکستانی کھلاڑی اپنی پوری محنت اور لگن سے دنیا کے کسی بھی ایونٹ میں فتح حاصل کرسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ ہوم لیس ورلڈ کپ ایک مقصد کے ساتھ منعقد ہونے والا فٹ بال ٹورنامنٹ ہے۔ اس ایونٹ کو کرانے والی تنظیم کا کہنا ہے کہ ایونٹ کے انعقاد کا مقصد شرکاء کی زندگیوں کو بدلنا اور بے گھر افراد کے حوالے سے انسانی رویوں کو تبدیل کرنے کی کوشش کرنا ہے۔