Time 23 جولائی ، 2023
پاکستان

'انتخابات میں تاخیر کا امکان نہیں، آئینی مدت پوری ہوتے ہی اقتدار سے علیحدہ ہو جائینگے'

عوام سے کہوں گا کہ آپ نےتمام جماعتوں کا تجربہ کیا لیکن ن لیگ نے ملکی تاریخ میں ریکارڈ ترقی کی، اس لیے اسی جماعت کو موقع دیں: وفاقی وزیر__فوٹو: فائل
عوام سے کہوں گا کہ آپ نےتمام جماعتوں کا تجربہ کیا لیکن ن لیگ نے ملکی تاریخ میں ریکارڈ ترقی کی، اس لیے اسی جماعت کو موقع دیں: وفاقی وزیر__فوٹو: فائل

وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال کا کہناہے کہ انتخابات تاخیر کا شکار ہونے کا کوئی امکان نہیں،جیسے ہی آئینی مدت پوری ہوگی اقتدار سے علیحدہ ہو جائیں گے اور  مشاورت کے بعد نگران حکومت سامنے آ جائے گی۔

لاہور میں احسن اقبال نے لائف ٹائم اچیومنٹ نیشنل انجینئرنگ ایکسیلنس ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے کہوں گا کہ آپ نےتمام جماعتوں کا تجربہ کیا لیکن ن لیگ کے دور میں  ملکی تاریخ  کی ریکارڈ ترقی ہوئی، اس لیے اسی جماعت کو موقع دیں۔

ان کاکہنا تھاکہ حکومت ختم ہونے سے ایک ہفتہ پہلے نگران سیٹ اپ پر مشاورت مکمل کریں گے، جس کے بعد انتخابی عمل شروع ہوجائے گا۔

احسن اقبال کاکہناتھاکہ پاکستان ایٹمی پروگرام میں کامیابی کا فارمولہ ہی قومی ترقی کا فارمولہ ہے، معاشی ترقی پر کمپرومائز نہیں کرسکتے، معاشی طاقت کے  لیے نشان منزل سامنے ہوگا تو سفر تیز ہوجائے گا۔

احسن اقبال کاکہناتھاکہ چودہ ماہ کی حکومت نے مشکل فیصلے کرکے معیشت بحالی کے سفر کی بنیاد رکھ دی ہے۔

مزید خبریں :