Time 23 جولائی ، 2023
کھیل

پاکستان نے بھارت کو 128 رنز سے شکست دیکر ایمرجنگ ایشیا کپ جیت لیا

پاکستان شاہینز کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں بھارت اے کی ٹیم 224 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ فوٹو پی سی بی
پاکستان شاہینز کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں بھارت اے کی ٹیم 224 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ فوٹو پی سی بی

پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو بڑے مارجن سے شکست دیکر ایمرجنگ ایشیا کپ کا کامیابی سے دفاع کر لیا۔

سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت اے کے کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان شاہینز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان شاہیز نے طیب طاہر کی شاندار سنچری اور صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب کی ففٹیز کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 352 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم کے اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 64 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم پہلی وکٹ گرنے کے بعد بھارت کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔

سوائے ابھیشیک شرما اور کپتان یش دھل کے علاوہ کوئی بھی بھارتی بیٹر پاکستانی بولرز کے سامنے نہ ٹک سکا، دونوں نے بالترتیب 61 اور 39 رنز اسکور کیے۔

پاکستان شاہینز کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں بھارت اے کی ٹیم  224 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اس طرح پاکستان نے ایمرجنگ ایشیا کپ 128 رنز سے جیت لیا۔ 

پاکستان کی جانب سے صفیان مقیم نے 3 بھارتی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد وسیم، ارشد اقبال اور مہران ممتاز نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 

شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر پاکستان کے طیب طاہر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان شاہینز کا فائنل تک کا سفر

ٹونارمنٹ میں پاکستان نے پہلے میچ میں نیپال کو 4 وکٹوں سے شکست دی جبکہ دوسرے میچ میں متحدہ عرب امارات کو 184 رنز سے ہرایا۔

پاکستان شاہینز کو تیسرے میچ میں بھارت سے شکست ہوئی جبکہ سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز نے سری لنکا اے کو 60 رنز سے ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔

یاد رہے کہ 2019 کا ایمرجنگ ایشیا کپ بھی پاکستان نے جیتا تھا ، پاکستان نے فائنل میں بنگلا دیش کو 77 رنز سے شکست دی تھی۔

مزید خبریں :