28 جولائی ، 2023
قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹرز محمد رضوان نے منفرد کارنامہ سرانجام دیا ہے۔
رضوان نے گزشتہ روز کولمبو سری لنکا میں پاکستان ٹیم کے ساتھ ٹیسٹ میچ کھیلا اور آج کینیڈا کے شہر بریمپٹون میں وینکوور نائٹس کی طرف سے گلوبل ٹی 20 میچ میں شرکت کی۔
محمد رضوان کو کولمبو ٹیسٹ میں کنکشن متبادل کے طور پر شامل کیا گیا تھا، کولمبو سے بریمپٹن کا فاصلہ 14 ہزار کلو میٹر اور کم از کم فلائٹ کا دورانیہ 18 گھنٹے ہے۔
تاہم 14000 کلومیٹر کی مسافت نے رضوان کے کھیل پر ذرا سا بھی اثر نہیں ڈالا۔
ایک روز قبل کولمبو میں سفید لباس پہنے محمد رضوان نے ریڈ بال ففٹی مکمل کی اور اگلے روز کلر کٹ میں وائٹ بال کی ففٹی اسکور کر ڈالی۔
یہی نہیں انہوں نے دو دن میں دو مختلف براعظموں میں دو مختلف فارمیٹ میں دو مختلف پارٹنرز کے ساتھ سنچری شراکت بھی بنائی۔
گزشتہ روز انہوں نے کولمبو میں سلمان علی آغا کے ساتھ 108 رنز کی ناقابل شکست شراکت بنائی تھی۔ آج انہوں نے کینیڈا میں کوربن بوش کے ساتھ 104 رنز کی ناقابل شکست ٹی ٹوئنٹی شراکت بنائی ہے۔