کھیل
Time 02 اگست ، 2023

مصباح کی زیر صدارت کرکٹ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، راشد لطیف کی معذرت

سابق کپتان راشد لطیف کو کمیٹی کےابتدائی اجلاس میں بلایاگیا تھا لیکن ایک اجلاس میں شرکت کے بعد راشد لطیف نے معذرت کرلی تھی/ فائل فوٹو
سابق کپتان راشد لطیف کو کمیٹی کےابتدائی اجلاس میں بلایاگیا تھا لیکن ایک اجلاس میں شرکت کے بعد راشد لطیف نے معذرت کرلی تھی/ فائل فوٹو

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ اور سابق کپتان مصباح الحق  کی زیر صدارت کمیٹی کا اہم اجلاس آج ہوگا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کی صدارت سابق کپتان مصباح الحق کریں گے جب کہ اجلاس میں  سلیکشن کمیٹی سے متعلق تجاویز پر غور ہوگا اور اس دوران  ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچرکو حتمی شکل دی جائےگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  اجلاس میں انضمام الحق اور محمد حفیظ کو مدعو کیاگیا ہے جب کہ سابق کپتان راشد لطیف کو کمیٹی کےابتدائی اجلاس میں بلایاگیا تھا لیکن ایک اجلاس میں شرکت کے بعد راشد لطیف نے معذرت کرلی تھی۔

گزشتہ اجلاس کی اندرونی کہانی

واضح رہے کہ کرکٹ کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں3 سابق کپتان ڈومیسٹک کرکٹ پر ایک رائے پر متفق نہیں ہوسکے تھے۔

ذرائع کے مطابق مصباح الحق نے 8 ریجن، محمد حفیظ نے 6 ریجن اور ٹیسٹ وکٹ کیپر راشد لطیف نے 16 ریجنز کو فرسٹ کلاس کرکٹ کے دھارے میں شامل کرنے کی رائے پیش کی تھی۔

دوران اجلاس سابق ٹیسٹ کپتان راشد لطیف نے اس بات پر زور دیا تھا کہ گریڈ ٹو کرکٹ نظام مکمل طور پر ختم کر دیا جائے، ساتھ ہی راشد لطیف نے بہت زیادہ اس بات کو منوانے پر زور دیا کہ سیالکوٹ ریجن کو ہر صورت میں فرسٹ کلاس کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ قائداعظم ٹرافی میں کھلایا جائے۔

مزید خبریں :