پیسے اکٹھے کرکے لاٹری کا ٹکٹ خریدنے والی خواتین خاکروب 10 کروڑ روپے کا انعام جیت گئیں

فوٹو: بی بی سی
فوٹو: بی بی سی 

آپ نے ایک مشہور کہاوت تو ضرور سنی ہوگی کہ ' دینے والا جب بھی دیتا ہے، چھپڑ پھاڑ کر دیتا ہے'، یہ بات بھارت میں سچ ثابت ہوگئی جب پیسے اکٹھے کرکے ایک لاٹری کا ٹکٹ خریدنے والی 11 خواتین خاکروب  10 کروڑ روپے کا انعام جیت گئیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق یہ خواتین  اُس گروپ کا حصہ ہیں جو  بھارت کی جنوبی ریاست کیرالہ کے ضلع ملاپورم کے قصبے پارپنانگڈی میں گھروں سے کوڑا اکٹھا کرتی ہیں ،اس کے عوض انہیں روزانہ تقریباً 250 روپے ملتے ہیں۔

اس کے علاوہ اکثر یہ خواتین کچرے کو فروخت  کرکے بھی رقم اکھٹا کرتی ہیں لیکن اتنی سی اُجرت میں گھر کا گزارا کرنا ان خواتین کے لیے مشکل ہوجاتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ان خواتین کو بچوں کی تعلیم اور دیگر اخراجات کو پورا کرنے کے لیے اکثر قرض ہی لینا پڑتا ہے جسے اترانے کے لیے یہ اپنی قسمت آزمانے کے لیے  لاٹری کا ٹکٹ خریدتی ہیں۔

بھارت کی بہت سے ریاستوں میں لاٹری ٹکٹ غیر قانونی ہے لیکن ریاست کیرالہ کی حکومت خود لاٹری کا ایک مشہور پروگرام  چلاتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ ماہ کیرالہ سے تعلق رکھنے والی 11 خواتین خاکروب نے ’مون سون بمپر پرائز لاٹری‘کا  250 روپے کا لاٹری ٹکٹ خریدنے کے لیے پیسے اکٹھے کیے، انہیں کیا معلوم تھا کہ ان کا ایک ٹکٹ ان کی قسمت بدل دے گا۔

یہ بمپر انعامی لاٹری ٹکٹ خاص تہواروں کے وقت کیرالہ کی ریاست جاری کرتی ہے۔

گز شتہ ہفتے   جب لاٹری کے انعام کا اعلان کیا گیا تو ان خواتین نے خوش قسمتی سے 10کروڑ روپے  کا جیک پاٹ جیت لیا۔

 ٹکٹ خریدنے والی خواتین میں سے ایک کا کہنا  ہے کہ ہم نے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ اگر ہم کوئی بھی انعام جیتے تو ہم سب کو برابر کا حصہ ملے گا،  ہمیں واقعی اتنی بڑی رقم جیتنے کی بالکل امید نہیں تھی۔

رپورٹس کے مطابق حکومتی ٹیکس ادا کرنے کے بعد ان 11خواتین کو مجموعی طور پر 6 کروڑ 30 لاکھ روپے ملیں گے۔جیک پاٹ جیتنے کے باوجود یہ خواتین ہمیشہ کی طرح اپنے کام پر گئیں۔

مزید خبریں :