05 اگست ، 2023
خیر پور: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے حوالے سے دیکھے گئے خواب کے بارے میں بتایا ہے۔
توشہ خانہ کیس میں سیشن کورٹ اسلام آباد نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کو آج تین سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے سیشن عدالت کا فیصلہ اعلیٰ عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس حوالے سے خیر پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے زراعت منظور وسان کا کہنا تھا میرے خیال میں پی ٹی آئی کو الیکشن لڑنے کا حق ملنا چاہیے۔
منظور وسان نے کہا کہ کل خواب دیکھا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی خیریت نہیں اور آج ان کو سزا ہو گئی، گرمی بہت ہے اللہ کرے چیئرمین پی ٹی آئی جیل میں اپنا وقت گزار سکیں۔
انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ سندھ میں جے یو آئی اور جی ڈی اے کا کوئی مستقبل نہیں ہے، بہت جلد جی ڈی اے کے کچھ لوگ پیپلز پارٹی اور کچھ مسلم لیگ ن میں ہوں گے۔