Time 01 نومبر ، 2024
پاکستان

پی ٹی آئی رہنما نے پشاور میں مریم نواز کیخلاف ایف آئی آر کی درخواست کو نامناسب قرار دیدیا

پی ٹی آئی رہنما نے پشاور میں مریم نواز کیخلاف ایف آئی آر کی درخواست کو نامناسب قرار دیدیا
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کیخلاف پشاور میں ایف آئی آر درج کیے جانے کی درخواست کو نامناسب قرار دیدیا۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں بات چیت کرتے ہوئے عامر ڈوگر  کا کہنا تھا کہ میری ذاتی رائے میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کیخلاف پشاور میں ایف آئی آر کی درخواست دائر کرنا نامناسب ہےلیکن خود مریم نواز  کے ماتحت پنجاب حکومت کی مشینری ہمارے لوگوں کیخلاف جو کچھ کر رہی ہے کیا وہ انصاف ہے؟کیا احتجاج کرنا کسی سیاسی پارٹی کا حق نہیں ہے؟

دوران گفتگو عامر ڈوگر نے بتایا کہ آج تین گھنٹے انتظار کے باوجود انہيں بانی پی ٹی آئی سے ملنے نہيں دیا گیا، ان سے ملاقات میں سیاسی بات نہ کرنے کی یقین دہانی مانگی گئی۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ بانی تحریک انصاف نے میٹنگ کیلئے بلالیا ہے تو آج ہی ملاقات ہونا ضروری ہے،؎۔

انہوں نے کہا کہ جیل مینوئل کے مطابق ملاقات کا جتنا وقت بنتا ہے انہیں اتنا وقت ملنا چاہیے مگر یہ جیل ہے، بنی گالہ کا میٹنگ روم نہیں ہے۔

مزید خبریں :