06 اگست ، 2023
کراچی کے علاقے صدر کی صرافہ مارکیٹ میں دن دیہاڑے ڈکیتی کی بڑی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، واردات کا مقدمہ پریڈی تھانے میں درج کرلیاگیا۔
واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسلح ملزمان با آسانی 2 کروڑ 22 لاکھ کی خطیر رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ڈکیتی کا مقدمہ گولڈ شاپ کے ملازم کی مدعیت میں پریڈی تھانے میں درج کیا گیا ہے۔
مدعی مقدمہ کا مؤقف تھا کہ 5 اگست کی شام مالک یاسین نے مجھے اسکول بیگ دیا اور نجی گولڈ لیب سے نقدی رقم لانے کا کہا، اسکول بیگ میں 2 کروڑ 22 لاکھ روپے نقدی رقم لے کر آ رہا تھا کہ راستے میں موٹرسائیکل سوار دو ملزمان نے اسلحہ کے زور پر مجھ سے رقم سے بھرا بیگ چھینا۔
جیو نیوز کو موصول سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزمان واردات انجام دینے کے بعد اطمیان سے فرار ہوئے، فوٹیج میں بھی ملزمان کو رقم سے بھرا اسکول بیگ چھینتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔