08 اگست ، 2023
لاہور کے علاقے ڈیفنس بی میں پارکنگ ملازم پر بہیمانہ تشدد کے ایک اور واقعے کی ویڈیو سامنے آگئی۔
ویڈیو میں پارکنگ کمپنی کےملازم پر تین سے چار افراد کو تشددکرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ایس ڈی پی او ڈیفنس اویس شفیق کے مطابق ڈیفنس بی میں پارکنگ ملازم محمد ایوب نے ایک نوجوان کو گاڑی غلط پارک کرنے سے روکا توملزم طیش میں آگیا، اس نے پہلے خود پارکنگ ملازم کو مارنے کی کوشش کی جب وہ کامیاب نہ ہو سکا تو اس نے فون کرکے اپنے گارڈز کوبلالیا۔
اویس شفیق کے مطابق ملزمان نے پارکنگ ملازم کو تشدد کا نشانہ بنایا، پولیس نے پارکنگ ملازم محمد ایوب کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے اور سی سی ٹی وی ویڈیوز اور دیگر ذرائع کی مدد سےان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
یاد رہےکہ 3 دن پہلے بھی لاہورکے ڈیفنس کمرشل ایریا میں 5 افراد نے انٹری گیٹ پر گاڑی روکنے پر معمر سکیورٹی گارڈ عباس علی کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا، اس واقعے کی بھی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی اور مقدمہ درج ہونےکے باوجود اب تک ملزمان قانون کی گرفت میں نہ آسکے۔