09 اگست ، 2023
ہاکی انڈیا کے سیکرٹری جنرل بھولا ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ اگر پاکستان ہاکی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارت آسکتی ہے تو پھر بھارت کی ہاکی ٹیم بھی پاکستان جا سکتی ہے۔
ہاکی انڈیا کے سیکرٹری کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیرکھیل انوراگ ٹھاکر نے کہا ہے کہ انڈین ٹیم کو کہیں جانے سے نہیں روکا جائے گا۔
بھولا ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ اولمپک کوالیفائنگ ٹورنامنٹ بہت اہم ہے ٹیم کو نہیں روکا جائے گا، یہ اولمپکس کا سوال ہے ضرورت پڑی تو خود حکومت سے بات کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ بھارتی ٹیم کے پاکستان جانے میں کوئی رکاوٹ ہوگی باقی پاکستانی حکومت پر ہے کہ وہ کس طرح ٹورنامنٹ کا انعقاد کرتی ہے۔
بھولا ناتھ سنگھہ کا کہنا تھا کہ کرکٹ کا معاملہ کرکٹ سے ہے لیکن ہمارہ معاملہ ہاکی ہے اس لیے اگر پاکستان ٹیم یہاں کھیل سکتی ہے تو ہم کیوں نہیں کھیل سکتے۔
ہاکی انڈیا کے سیکرٹری کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کی ہاکی ٹیم اگر ایشین گیمز میں گولڈ میڈل نہیں جیتتی تو اسے اولمپک کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کھیلنا پڑے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان 19 برس بعد پہلی مرتبہ بین الاقوامی ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کی ٹورنامنٹ کی میزبانی کر رہا ہے، پاکستان کی میزبانی میں اولمپک کوالیفائنگ ٹورنامنٹ آئندہ برس 13 سے 21 جنوری تک لاہور میں منعقد کی جائے گی۔