14 اگست ، 2023
پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ( پیمرا) ترمیمی بل 2023 کی منظوری تاخیر کا شکار ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق پیمرا ترمیمی بل تاحال وزیراعظم ہاؤس سے ایوان صدر نہ پہنچ سکا اور بل پارلیمانی امور کی وزارت میں ہی اٹکا رہ گیا۔
ذرائع نے بتایاکہ وزارت پارلیمانی امور نے پیمرا ترمیمی بل سمیت دیگر 8 بل 10 اگست کو وزیراعظم آفس بھیجے تھے لیکن 9 اگست کو اسمبلی تحلیل کی سمری پر دستخط کے بعد وزیراعظم اس بل پر دستخط نہیں کرسکتے تھے۔
ذرائع کا کہنا تھاکہ وزیراعظم آفس کا مؤقف ہے کہ پیمرا ترمیمی بل پر اب نگران وزیراعظم دستخط کریں گے، نگران وزیراعظم کے دستخط کے بعد بل صدر کی منظوری کیلیے ایوان صدر بھیجا جائے گا۔
پیمرا ترمیمی بل 2023 اب نگراں وزیراعظم اور پھر صدر کے دستخطوں کا منتظر ہے، نگران وزیراعظم اور صدر کی منظوری کے بعد پیمرا ترمیمی بل 2023 نیا قانون بنے گا۔
پیمرا ترمیمی بل 2023 میڈیا مالکان، ایڈیٹرز، یونینز اور وزارت اطلاعات سمیت تمام اسٹیک ہولڈرزکا متفقہ بل ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں قومی اسمبلی اور سینیٹ نے پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) ترمیمی 2023 بل متفقہ طور پر منظور کیا تھا۔