15 اگست ، 2023
حکومت نے کووڈ وبا کے دوران 299 شہید ہیلتھ کیئر ورکرز کو تمغہ امتیاز دینےکا اعلان کیا ہے، شہدا کی عزت افزائی کے بعد معروف ماہر پیٹ و جگر ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے بھی اپنا ایوارڈ واپس لینےکا اعلان کر دیا۔
ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے 2021 میں احتجاجاً اپنا تمغہ امتیاز حکومت کو واپس کر دیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ کووڈ وبا کے دوران طبی عملےکی خدمات کا اعتراف نہ کیے جانے پر وہ احتجاجاً اپنا تمغہ امتیاز واپس کررہے ہیں جو انہیں 2013 میں دیا گیا تھا۔
اب ڈاکٹر سعد خالد نیاز کا کہنا ہےکہ پی ڈی ایم حکومت کی جانب سے شہدا کی عزت افزائی قابل تحسین ہے، جلد ہی صدر عارف علوی کو خط لکھ کر اپنا تمغہ امتیاز واپس کرنےکا فیصلہ واپس لے لوں گا۔
انہوں نےکہا کراچی میں کورونا سے شہید طبی عملےکا میموریل تیار کرنے جا رہے ہیں، جس پر تمام شہید طبی عملےکے افرادکے نام لکھے جائیں گے۔