06 جنوری ، 2013
بولان …ضلع بولان کے علاقے کوہسار ریلوے اسٹیشن کے قریب کوئٹہ آنے والی جعفرایکسپریس پر فائرنگ سے ایک ایف سی اہلکار سمیت چار افراد کے جاں بحق جبکہ پچیس مسافر زخمی ہوگئے۔ ریلوے ذرائع کے مطابق راولپنڈی سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس جب ضلع بولان کے علاقے کوہسار ریلوے اسٹیشن کے قریب پہنچی ہے تو قریبی پہاڑوں سے نامعلوم افراد نے اس پر فائرنگ کردی جس سے ٹرین کا انجن بری طرح متاثرہوا اورایک ایف سی اہلکار سمیت چار مسافر جاں بحق اور 19مسافر زخمی ہوگئے ہیں۔ واقعہ کے بعد ایف سی اور نامعلوم مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔جس کی وجہ سے متاثرہ ٹرین کو پیشی ریلوے اسٹیشن پر روک لیا گیا۔واقعہ کی اطلاع ملنے پر مچھ سے متبادل انجن اور ریلیف ٹرین روانہ کردی گئی ہے جس کے بعد ٹرین کو کوئٹہ کیلئے روانہ کردیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے مسافروں کیلئے دس دس لاکھ روپے اور زخمی ہونے والے افراد کا سرکاری خرچ پر علاج کرنے کا اعلان کیا اور انتظامیہ کو ملزمان کے خلاف جلد از جلد کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی نے کوئٹہ میں میڈیا کے دفاتر فون کرکے مچھ کے قریب جعفر ایکسپریس پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔