پاکستان
06 جنوری ، 2013

الطاف حسین کا لقمان قاضی کوفون، قاضی حسین احمد کی وفات پر تعزیت کی

الطاف حسین کا لقمان قاضی کوفون، قاضی حسین احمد کی وفات پر تعزیت کی

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے جماعت اسلامی کے سابق امیرقاضی حسین احمد مرحوم کے صاحبزادے آصف لقمان قاضی کو فون کرکے ان کے والد کے انتقال دلی تعزیت کا اظہارکیا ہے۔ الطاف حسین نے مرحوم کے صاحبزادے سے دلی تعزیت کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ قاضی حسین احمد کی پوری زندگی اسلامی تعلیمات کے فروغ میں گزرگئی اور انہوں نے طویل علالت کے باوجود اپنے مشن کو جاری وساری رکھا۔ قاضی حسین احمد ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے ، ان کے انتقال سے ملک ایک زیرک سیاستداں سے ہی نہیں بلکہ ایک عالم دین ، مشفق استاد، غوروفکر کرنے والی ہستی ،محقق اور تاریخ داں سے محروم ہوگیاہے۔انہوں نے آصف لقمان سمیت مرحوم کے تمام سوگوارلواحقین سے کہاکہ دکھ اور آزمائش کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ اُنہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ قاضی حسین کی مغفرت فرمائے ، اور تمام سوگوارلواحقین اورجماعت اسلامی کے کارکنان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا کرے۔ اِس موقع پرقاضی حسین احمد مرحوم کے صاحبزادے آصف لقمان نے اظہارہمدردی پر الطاف حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ دُکھ کی اس گھڑی میں آپ نے یادرکھا اس سے ہمیں بہت حوصلہ ملا ہے ،اللہ تعالیٰ آپ کو جزائے خیرعطا فرمائے۔

مزید خبریں :