24 اگست ، 2023
گھوٹکی میں مبینہ طور پر پسند کی شادی کرنے کے خلاف جرگےکا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق ضلع گھوٹکی میں اوباڑو کے علاقے لکھ پور میں غلام رسول بھٹو نامی شخص نے سات سال قبل پسند کی شادی کی تھی جس پر لڑکی کے گھر والے اس کی جان کے دشمن بن گئے اور 15 روز قبل جرگہ ہوا جس میں اس پر 10 لاکھ روپے جرمانہ اور اس کی کمسن بھتیجی کو ونی کرنے کا حکم سنایا گیا۔
غلام رسول نے الزام عائدکیا ہے کہ لڑکی کے گھر والوں نے اس کی ایک دکان بھی مسمار کردی اور اسے گھر سے بے دخل کردیا، گھر کا سامان اور مویشی بھی لےگئے، غلام رسول نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ اسے تحفظ فراہم کیا جائے اور اس کی بھتیجی کو ونی کرنے سے روکا جائے۔
غلام رسول نے اپنی مشکلات کے حوالے سے ایک ویڈیو جاری کی تھی جس کے بعد پولیس نے مبینہ جرگے کا مقدمہ درج کرلیا، مقدمے میں16افراد نامزد ہیں،2 افرادکو گرفتار کرلیا گیا ہے جب کہ دیگر کی تلاش جاری ہے ۔
واضح رہے کہ ونی ملک کے مختلف قبائل میں رائج ایک ایسی رسم ہے جس میں کم عمر لڑکیاں بطور ہرجانہ تاوان یا دیت مخالف قبیلے میں بیاہ دی جاتی ہیں تاکہ دونوں خاندانوں میں صلح ہوسکے۔