Time 25 اگست ، 2023
پاکستان

پی ٹی آئی کا صدر اور چیف جسٹس سے قانونی ٹیم کے لفٹ میں پھنسنے کی تحقیقات کا مطالبہ

قانونی ٹیم کو ہائی کورٹ کی لفٹ میں 45 منٹ محصور رکھ کر ہراساں کیا گیا: پی ٹی آئی— فوٹو: فائل
قانونی ٹیم کو ہائی کورٹ کی لفٹ میں 45 منٹ محصور رکھ کر ہراساں کیا گیا: پی ٹی آئی— فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ اور قانونی ٹیم کے دیگر وکلا کے اسلام آباد ہائی کورٹ کی لفٹ میں پھنسنے کے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جاری اعلامیے میں وکلاء کے لفٹ میں پھنسنے کی مذمت کرتے ہوئے صدر پاکستان اور چیف جسٹس پاکستان سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ معاملے کی فوری تحقیقات کروائیں۔

پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ قانونی ٹیم کو ہائی کورٹ کی لفٹ میں 45 منٹ محصور رکھ کر ہراساں کیا گیا۔

واضح رہے کہ عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ کیس کی سماعت کے بعد جب واپس روانہ ہوئے تو وہ لفٹ میں پھنس گئے جس کے بعد ہائیکورٹ کی عمارت کے مینٹیننس ڈپارٹمنٹ کو اطلاع دی گئی۔

لطیف کھوسہ اور دیگر افراد تقریباً 40 منٹ سے زائد لفٹ میں پھنسے رہے جب کہ مینٹیننس کے عملے نے لفٹ کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی مگر دروازہ نہ کھل سکا جس کے باعث لفٹ کے باہر کھڑے وکلا نے لفٹ کا دروازہ توڑنے کی کوشش کی۔

لطیف کھوسہ اور دیگر اسلام آباد ہائیکورٹ کی دوسری منزل پر لفٹ میں پھنسے اور لفٹ گراؤنڈ فلور تک نہ پہنچی جس کے بعد لفٹ کے باہر موجود وکلا نے شور شرابا شروع کردیا۔

مزید خبریں :