31 اگست ، 2023
چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے پنجاب الیکشن ریویو کیس میں ریمارکس دیے کہ جہاں آئین آئین کی خلاف ورزی ہو گی سپریم کورٹ ایکشن لے گی۔
پنجاب میں انتخابات 14 مئی کو کرانے کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن کی نظرثانی کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔
سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی نظر ثانی کی درخواست خارج کی جبکہ اس دوران چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ جہاں آئین کی خلاف ورزی ہو گی سپریم کورٹ ایکشن لے گی۔
جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھا الیکشن کمیشن کے وکیل کو سن لیا، کمرہ عدالت میں بیٹھے تمام افراد کا شکریہ، اٹارنی جنرل صاحب کیا آپ کچھ کہیں گے؟ الیکشن کمیشن کی نظر ثانی درخواست منظور نہیں کی جا سکتی، موجودہ صورتحال میں الیکشن کمیشن کی درخواست خارج کی جاتی ہے۔
دوران سماعت چیف جسٹس پاکستان نے وکیل الیکشن کمیشن کو ہدایت کی کہ آپ اپنا جواب ابھی عدالت میں ہمارے ساتھ ہی پڑھیں، جس پر الیکشن کمیشن کے وکیل کا کہنا تھا سیکشن 58،57 میں ترامیم کے بعد الیکشن کی تاریخ دینےکا اختیار الیکشن کمیشن کا ہے۔