03 ستمبر ، 2023
ارجنٹائن کی معروف اداکارہ و ماڈل سلوینا لونا 43 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ارجنٹائن کی معروف اداکارہ، ماڈل اور ٹی وی پریزینٹر سلوینا لونا 2011 میں کروائی گئی پلاسٹک سرجری کی پیچیدگیوں سے لڑ رہی تھیں۔
ارجنٹائن کی میڈیا رپورٹ میں بتایا گیاکہ سلوینا لونا کئی سالوں سے صحت کے شدید مسائل سے دوچار تھیں اور کچھ عرصے سے کئی بار اسپتال میں داخل ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق اداکارہ کے صحت کے تمام مسائل ماضی میں کاسمیٹک سرجری کے دوران ان کے جسم میں زہریلے مادے کے استعمال کی وجہ سے پیدا ہوئے تھے۔
اداکارہ کی پلاسٹک سرجری کرنے والے ڈاکٹر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جارہی ہے۔
اداکارہ کے وکیل نےسلوینا لونا کی موت کی تصدیق کردی، ماڈل 2011 سے گردوں کی بیماری سے بھی دوچار تھیں، انہیں گردے خراب ہونے کی وجہ سے ہفتے میں تین بار ڈائیلاسز کروانا پڑتا تھا۔
واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں 34 سالہ ماڈل کرسٹینا اشٹن پلاسٹک سرجری کروانے کے بعد دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئیں تھیں ۔
اس کے علاوہ بھارت کی ٹی وی اداکارہ چیتھنا راج کی بھی پلاسٹک سرجری کے بعد موت ہوگئی تھی۔