05 ستمبر ، 2023
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے لیے خوشی کی خبر سامنے آئی ہے کہ کپتان کین ولیمسن فٹ ہو کر ورلڈکپ اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ گیری اسٹیڈ نے تصدیق کی ہے کہ کین ولیمسن کو بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈکپ کے 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا جائےگا۔
واضح رہے کہ کین ولیمسن رواں سال انڈین پریمیئر لیگ میں گجرات ٹائٹنز کی جانب سے کھیلتے ہوئے فیلڈنگ کے دوران انجرڈ ہوگئے تھے، جس کے بعد خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ وہ گھٹنے کی انجری کے باعث ورلڈکپ نہیں کھیل پائیں گے۔
تاہم اب کوچ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے مطابق کین ولیمسن انجری سے صحتیابی کے لیے ری ہیب کر رہے ہیں، وہ انجری سے کافی حد تک صحتیاب بھی ہو چکے ہیں البتہ ولیمسن کی ورلڈکپ کے پہلے میچ میں شرکت کی گارنٹی نہیں ہے۔
گیری اسٹیڈ کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ میں کھیلنے کی پوزیشن میں آنے کے لیے کافی خوشی ہے،کسی ایک میچ یا تاریخ پر فوکس نہیں ہے۔
رپورٹس کے مطابق 11 ستمبر کو آکلینڈ میں ایونٹ کے دوران نیوزی لینڈ کے ورلڈکپ اسکواڈ کا اعلان کیا جائےگا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ رواں سال اکتوبر میں بھارت میں کھیلا جائے گا، ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور فائنلسٹ نیوزی لینڈ کے درمیان احمد آباد میں ہوگا۔