Time 08 ستمبر ، 2023
پاکستان

اسٹاپ لسٹ میں مسلسل اضافہ، بلاول اور مراد علی شاہ کے قریبی ساتھیوں کے نام بھی شامل

پی ٹی آئی کی فنڈنگ کرنے والی شخصیات کے نام بھی اسٹاپ لسٹ میں شامل ہیں، تمام انٹرنیشنل ائیرپورٹس پر امیگریشن عملے کو اسٹاپ لسٹ میں شامل افراد کو سختی سے روکنے کی ہدایت ہے، ذرائع— فوٹو:فائل
 پی ٹی آئی کی فنڈنگ کرنے والی شخصیات کے نام بھی اسٹاپ لسٹ میں شامل ہیں، تمام انٹرنیشنل ائیرپورٹس پر امیگریشن عملے کو اسٹاپ لسٹ میں شامل افراد کو سختی سے روکنے کی ہدایت ہے، ذرائع— فوٹو:فائل

ملک کی معاشی بدحالی کے ذمہ داروں کے گرد گھیرا تنگ ہوتا جارہا ہے، بدعنوانی کے الزامات کے تحت اہم شخصیات کو بیرون ملک جانے سے روکنے کیلئے تیار کی گئی اسٹاپ لسٹ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر تعینات ایف آئی اے امیگریشن کے اہم ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ وفاقی تحقیقاتی ایجسنی (ایف آئی اے) امیگریشن کی اسٹاپ لسٹ میں شامل ناموں کی تعداد اب ایک ہزار سے تجاوز کرگئی۔

ابتدائی طور پر اسٹاپ لسٹ میں اعلیٰ ترین عہدوں پر فائز شخصیات کے بجائے ان کے قریبی ساتھیوں اور ان کے ساتھ تعینات سرکاری افسران کے نام شامل ہیں۔

ذرائع نے انکشاف کیا کہ ایف آئی اے امیگریشن کی اسٹاپ لسٹ میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے بعض قریبی ساتھیوں اور افسران کے نام شامل ہیں لیکن حال ہی میں بیرون ملک جانے والے سندھ کے تین اہم سابق وزرا کے نام اسٹاپ لسٹ میں نہیں تھے۔

ایف آئی اے ذرائع کا بتانا ہے کہ اسٹاپ لسٹ میں حکومتوں میں شامل سیاسی شخصیات اور سرکاری افسران شامل ہیں، اس کے علاوہ اسٹاپ لسٹ میں تاجر، بلڈرز اور صنعتکاروں کے نام بھی شامل ہیں۔

لسٹ میں مالی بدعنوانی، ٹیکس چوری، حوالہ اور ہنڈی کے کاروبار سے منسلک شخصیات، کرنسی، چینی اور پیٹرولیم کی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے نام بھی اسٹاپ لسٹ میں شامل ہیں۔

ایف آئی اے ذرائع نے مزید بتایا کہ پی ٹی آئی کی فنڈنگ کرنے والی شخصیات کے نام بھی اسٹاپ لسٹ میں شامل ہیں، اس کے علاوہ پی ٹی آئی حکومت کے حامی متعدد اعلیٰ سرکاری افسران کے نام بھی اسٹاپ لسٹ میں درج ہیں۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق آئی بی ایم سسٹم میں موجود اسٹاپ لسٹ کے علاوہ ہر بین الاقوامی پروازوں کیلئے کچھ نام براہ راست بھی دیے جاتے ہیں۔ ایف آئی اے ذرائع نے بتایاکہ تمام انٹرنیشنل ائیرپورٹس پر امیگریشن عملے کو اسٹاپ لسٹ میں شامل افراد کو سختی سے روکنے کی ہدایت ہے۔

مزید خبریں :