09 ستمبر ، 2023
چترال میں سرحد پار سے دہشتگردوں کے حملے کے بعد مقامی شہریوں کی جانب سے پاک فوج کی مدد کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دہشتگردوں کے حملے کے خلاف چترال کے عوام فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور کیلاشی نوجوان کو پہاڑوں میں اسلحہ، گولہ بارود مورچوں میں منتقل کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر چترال لوئر محمد علی خان نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر کو ہونے والے دہشتگرد حملےکا پاک فوج اور ایف سی نے منہ توڑ جواب دیا۔
محمد علی خان کا کہنا تھا حملے کے بعد چترال کے لوگ فوج اور ایف سی کے شانہ بشانہ کھڑے ہو گئے، چترال کے عوام نے جنگی سامان پہاڑوں پر پہنچانےمیں پاک فوج کی مدد کی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل چترال میں سرحد پار سے ہونے والے حملے میں دہشتگردوں نے پاک فوج کی دو چیک پوسٹوں پر حملے کیے، فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی میں 12 دہشتگرد ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے جبکہ فورسز کے 4 جوان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔
پاکستان نے اس معاملے پر افغانستان سے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا اور افغانستان پر زور دیا کہ طالبان دہشتگردوں کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنے سے روکے۔