09 ستمبر ، 2023
بجلی چوری روک تھام کیلئے تقسیم کارکمپنیوں کے بدعنوان افسران کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا۔
ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق 1955 افسران کے خلاف ایف آئی آرز درج کرلی گئی ہیں اور 21 کو گرفتار کرلیاگیا۔
ذرائع پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ ڈسٹری بیوشن کمپنیز پر 40 لاکھ یونٹس بجلی چوری ثابت ہونے پر 164 ملین روپے جرمانہ کیا اور عائد کیے گئے جرمانے میں سے ایک کروڑ 10 لاکھ روپے وصول ہوگئے۔
ذرائع پاور ڈویژن نے بتایاکہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے بدعنوان افسران کی ملی بھگت سےبجلی چوری کی جارہی تھی، آپریشن کے دوران 1914 افسران کےخلاف قانونی کارروائی کی گئی۔
ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق لیسکو 351، گیپکو 138، فیسکو کے 195 افسران کے خلاف محکمانہ انکوائری شروع کی گئی ہے جبکہ آئیسکو کے 219، میپکو کے 314، پیسکو کے 299، حیسکو 112، سیپکو 86، کیسکو 165، ٹیسکو کے 35 افسران کے خلاف محکمانہ انکوائری جاری ہے۔
ذرائع پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ 248 منفی ساکھ والے افسران کوبغیرسفارش کے مختلف علاقوں میں تبدیل کردیاگیا۔
ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق بجلی چوری کے ذمہ داروں کےخلاف کریک ڈاؤن کاسلسلہ جاری ہے، ڈسٹری بیوشن کمپنیز کے 2199 سے زائد بجلی چوری کے مقدمات سامنے آئے ہیں۔