ایلون مسک اور کینیڈین گلوکارہ کےخفیہ بچے ٹیکنو مکینیکوس کی پیدائش کا انکشاف

ایلون مسک / اے ایف پی فائل فوٹو
ایلون مسک / اے ایف پی فائل فوٹو

ٹیسلا، اسپیس ایکس اور ایکس (ٹوئٹر) کے مالک اور دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک اور ان کی گرل فرینڈ کینیڈین گلوکارہ گرائمز کے ہاں تیسرے بچے کی پیدائش ہوئی ہے، جسے چھپا کر رکھا گیا۔

یہ انکشاف ایلون مسک کی سوانح حیات میں سامنے آیا ہے۔

امریکی روزنامے نیویارک ٹائمز میں بک ریویو کے دوران انکشاف ہوا کہ ایلون مسک اور گرائمز کے 2 کی بجائے 3 بچے ہیں۔

اس کا نام ٹیکنو مکینیکوس رکھا گیا ہے جبکہ اس کی عرفیت ٹاؤ ہے۔

کتاب میں واضح نہیں کیا گیا کہ یہ لڑکا ہے یا لڑکی، جبکہ اس کی پیدائش کب ہوئی یہ بھی نہیں بتایا گیا۔

اس سے قبل ایلون مسک اور گرائمز کے ہاں مئی 2020 میں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی، جس کا نام X Æ A-12 رکھا گیا تھا، جسے ایکس بھی کہا جاتا ہے۔

اس کے بعد بیٹی کی پیدائش خفیہ طور پر ہوئی جس کا انکشاف مارچ 2022 میں گلوکارہ نے ایک انٹرویو کے دوران کرتے ہوئے بتایا کہ بیٹی کی پیدائش دسمبر 2021 میں سروگیسی کے ذریعے ہوئی تھی۔

دونوں نے بیٹی کا نام Exa Dark Sideræl رکھا جبکہ اس کی عرفیت وائے ہے۔

اس کے چند ماہ ایلون مسک اور گرائمز کا تعلق ختم ہوگیا تھا مگر گلوکارہ کا کہنا تھا کہ ہم اب بھی بہترین دوست ہیں۔

ایلون مسک اور گرائمز / رائٹرز فوٹو
ایلون مسک اور گرائمز / رائٹرز فوٹو

ایلون مسک اور ان کی سابقہ اہلیہ جسٹن ولسن کے ہاں 6 بچوں کی پیدائش ہوئی تھی، جن میں سے ایک 10 ہفتوں کی عمر میں چل بسا تھا۔

اس کے علاوہ ایلون مسک کا ان کی کمپنی نیورالنک کی عہدیدار شیون زیلیس سے بھی تعلق رہا تھا اور دونوں کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش نومبر 2021 میں ہوئی تھی۔

خیال رہے کہ ایلون مسک دنیا میں شرح پیدائش میں کمی کو انسانیت کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہیں۔

7 جولائی 2022 کو ایکس میں ایک پوسٹ کے دوران ایلون مسک کا کہنا تھا کہ وہ دنیا میں آبادی کی کمی کے 'بحران' پر قابو پانے کے لیے اپنی ہر ممکن بہترین کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا 'شرح پیدائش میں کمی انسانیت کو درپیش سب سے بڑا خطرہ ہے'۔

ایلون مسک ماضی میں بھی شرح پیدائش میں کمی کے حوالے سے خدشات ظاہر کرچکے ہیں۔

2017 میں ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا تھا کہ دنیا کی آبادی بہت تیزی سے منہدم ہو رہی ہے مگر بہت کم افراد کو اس کی پروا ہے۔

اسی طرح 2021 میں انہوں نے کہا تھا کہ آبادی میں کمی مستقبل کی تہذیب کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔

مزید خبریں :