پاکستان
09 جنوری ، 2013

طالبان طاہرالقادری کوگمراہ کررہے ہیں،وزارت داخلہ کی وارننگ

 طالبان طاہرالقادری کوگمراہ کررہے ہیں،وزارت داخلہ کی وارننگ

اسلام آباد…وزارت داخلہ نے دعوی کیاہے کہ تحریک طالبان کا بیان عوام اور خصوصا طاہر القادری کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے،طاہر القادری پر لانگ مارچ کے دوران دہشت گرد حملے سے متعلق مستند خفیہ ذریعے سے اطلاعات ملی ہیں۔اس سے پہلے کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے کہا تھا کہ طاہر القادری کو کوئی دھمکی نہیں دی گئی۔وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق تحریک طالبان کے سربراہ حکیم اللہ محسود کے قریبی ساتھی کی ایک کال ریکارڈ کی گئی ہے۔جس میں قریبی ساتھی حکیم اللہ محسود سے ڈاکٹر طاہر القادری پردہشت گرد حملے کے لئے گاڑی مانگ رہا ہے۔وزارت داخلہ کے مطابق یہ کال کرنے کے لئے میران شاہ سے پی ٹی سی ایل کا نمبر استعمال کیا گیا۔وزارت داخلہ کے مطابق حکومت تحریک طالبان کے جعلی نمائندوں پر یقین نہیں رکھتی اور لانگ مارچ کے شرکاء کے حفاظتی اقدامات جاری رکھے گی، وزارت داخلہ کے مطابق طاہر القادری کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔وزارت داخلہ کے بیان سے پہلے طالبان کے ترجمان احسان اللہ احسان نے نامعلوم مقام سے ٹیلی فون پر صحافیوں کو بتایا تھا کہ تحریک طالبان کے طاہرالقادری سے نظریاتی اختلاف ضرور ہیں لیکن اُنہیں کوئی دھمکی نہیں دی۔ انہوں نے دعویٰ کیاتھاکہ طاہرالقادری کو دھمکی کی باتیں کرکے سیاسی جماعتیں اور حکومت سیاسی نمبر بنا رہی ہیں۔

مزید خبریں :