صحت و سائنس
09 جنوری ، 2013

بلوچستان میں خسرہ کی ویکسین کی قلت، متاثرہ بچوں کی تعداد 800 ہوگئی

بلوچستان میں خسرہ کی ویکسین کی قلت، متاثرہ بچوں کی تعداد 800 ہوگئی

کوئٹہ … بلوچستان میں خسرہ سے متاثرہ بچوں کی تعداد 800 تک پہنچ گئی، جبکہ 7 بچوں کی اموات واقع ہوچکی ہیں، دوسری جانب صوبے میں خسرہ کی ویکسین کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ صوبائی منیجر ای پی آئی بلوچستان ڈاکٹر محمد انور کے مطابق خسرہ سے انتقال کرنے والے بچوں میں سے 3کا تعلق پشین، 2 کا تعلق نصیرآباد، ایک کا تعلق سبی اور ایک کا خاران سے ہے۔ ڈاکٹر انور کا کہنا تھا کہ انسداد خسرہ کیلئے صوبے کے 23 اضلاع میں مہم چلائی گئی جس کے دوران تقریباً 19 لاکھ بچوں کو خسرہ سے بچاوٴ کی ویکسین لگائی گئی۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بولان، سبی، جھل مگسی، جعفرآباد اور نصیرآباد سمیت سندھ کے قریبی اضلاع میں خسرہ سے بچاوٴ کی مہم دوبارہ جلد ہی چلائی جائے گی، اس حوالے سے پلان تیار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فی الحال بلوچستان میں خسرہ سے بچاوٴ کی ویکسین کی کمی ہے جس کی فراہمی کیلئے وفاقی حکومت کو تحریری طور پر آگاہ کردیاگیا ہے اور امید ہے ہمیں جلد ہی یہ ویکسین فراہم کردی جائے گی تاہم خسرہ کی ویکسین کی قلت کے باعث والدین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان نے صوبے میں خسرہ کی وباء کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے صوبائی محکمہ صحت کو متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر امدادی ٹیمیں بھجوانے کی ہدایت کردی ہے۔

مزید خبریں :