پرویز الٰہی کو اب کس کیس میں گرفتار کیا گیا؟ تفصیلات سامنے آگئیں

پرویز الٰہی کو راولپنڈی سے لاہور ماسٹر پلان کرپشن کیس میں گرفتار کیا گیا: اینٹی کرپشن پنجاب۔ فوٹو فائل
 پرویز الٰہی کو راولپنڈی سے لاہور ماسٹر پلان کرپشن کیس میں گرفتار کیا گیا: اینٹی کرپشن پنجاب۔ فوٹو فائل

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کی گرفتاری پر ترجمان اینٹی کرپشن پنجاب کا بیان سامنے آ گیا ہے۔

ترجمان اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ پرویز الٰہی کو راولپنڈی سے لاہور ماسٹر پلان کرپشن کیس میں گرفتار کیا گیا۔

اینٹی کرپشن پنجاب کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ پرویز الٰہی نے لاہور ماسٹر پلان منصوبے میں مالی فوائد کیلئے جعلسازی کی، پرویز الٰہی نے ماسٹر پلان میں رد و بدل کر کے اپنی زمینیں لاہور میں شامل کرنے کی کوشش کی۔

ترجمان اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ لاہور ماسٹر پلان میں رد و بدل کیلئے کنسلٹنٹ فرم کی جعلی مہریں اور مونوگرام استعمال ہوا، کنسلٹنٹ کے ترتیب دیے گئے ماسٹر پلان میں جعلی کاغذات کا اضافہ کیا گیا۔

اینٹی کرپشن ترجمان کا یہ بھی بتانا ہے کہ زرعی زمین کو کمرشل اور رہائشی میں تبدیل کر کے اربوں روپے کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی گئی، پرویز الٰہی نے مالی مفاد کیلئے عہدے اور دفتر کا ناجائز استعمال کیا۔

ترجمان کے مطابق پرویز الٰہی نے اختیارات کا ناجائز استعمال کر کے متعلقہ افسران سے منصوبے کی منظوری کرائی۔

حکام کا کہنا ہے کہ پرویز الٰہی کے خلاف لاہور ماسٹر پلان میں جعلسازی پر اینٹی کرپشن لاہور میں مقدمہ درج ہے، لاہور ماسٹر پلان کرپشن کیس میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔ 

مزید خبریں :