10 جنوری ، 2013
لاہور…کمشنر لاہورملک جواد رفیق اورسی سی پی او اسلم ترین کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ روکنے کے لئے کسی کو نظر بند کرنے کی ہدایت نہیں ملی، شرکاء کو ہرقسم کی سیکورٹی فراہم کی جائیگی اورسیکورٹی سے متعلق تمام تحفظات دور کیے جائیں گے۔ لاہور میں تحریک منہاج القرآن کے رہنماوٴں سے ملاقات کے بعد کمشنر ملک جوادرفیق اورسی سی پی او اسلم ترین نے میڈیا کو بتایا کہ لانگ مارچ میں شرکت کرنے والے ٹرانسپورٹرز کو دھمکایا نہیں جارہا، پنجاب حکومت لانگ مارچ کے شرکاء کو تحفظ دینے کی ذمہ دارہے ، تحریک منہاج القرآن کی مشاورت سے سیکورٹی پلان کی تیاری کیلئے ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے۔ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ رحیق عباسی نے کہا کہ انتظامیہ کو تحفظات سے آگاہ کردیا ہے ، ٹرانسپورٹ دستیاب نہ ہوئی تو پیدل مارچ کرینگے۔