Time 22 ستمبر ، 2023
کاروبار

زیادہ نقصان کرنے والے دس حکومتی اداروں کا مجموعی خسارہ 418 ارب سے زائد ہو گیا

اعداد و شمار 2020 تک کے ہیں، تازہ ترین اعداد و شمار کسی محکمے کے پاس موجود نہیں: ذرائع— فوٹو: فائل
اعداد و شمار 2020 تک کے ہیں، تازہ ترین اعداد و شمار کسی محکمے کے پاس موجود نہیں: ذرائع— فوٹو: فائل

 زیادہ نقصان کرنے والے دس حکومتی اداروں کا مجموعی خسارہ 418.3 ارب روپے ہو گیا جبکہ منافع میں رہنے والے سرفہرست اداروں کا مجموعی منافع 289.8 ارب روپے ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ اعداد و شمار بھی 2020 تک کے ہیں، تازہ ترین اعداد و شمار کسی محکمے کے پاس موجود نہیں۔

خسارے میں رہنے والے سرفہرست 10 حکومتی اداروں  میں کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی پہلے نمبر پر ہے جس کا خسارہ سال 2020 میں 108 ارب 50 کروڑ روپے تھا۔

دوسرے نمبر نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کا خسارہ 94 ارب 30 کروڑ روپے جبکہ پاکستان ریلویز 50 ارب روپے سے زائد خسارے کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

2020 تک سیسکو کے نقصانات 40 ارب 80 کروڑ روپے، قومی ائیر لائنز  پی آئی اے 36 ارب، سوئی سدرن گیس کمپنی 21.4 ارب اور اسٹیل ملز کا خسارہ 20.6 ارب روپے رہا۔

ذرائع کے مطابق حیسکو 17.7 ارب روپے اور  پی ایس او 14.8 ارب جبکہ پیسکو کے نقصانات 14.6 ارب روپے رہے۔

سرفہرست دس منافع بخش اداروں میں او جی ڈی سی ایل سال 2020 میں 100 ارب روپے منافع کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا جبکہ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کا منافع 49.4 ارب رہا۔

منافع بخش اداروں کی فہرست میں نیشنل بینک 30.6 ارب، گورنمنٹ ہولڈنگز کمپنی کا منافع 29.8 ارب رہا۔

نیشنل پاور پارکس کمپنی کا منافع 28 ارب روپے رہا جبکہ 2020 میں پورٹ قاسم اتھارٹی کا منافع 15.4 ارب ریکارڈ کیا گیا۔

این ٹی ڈی سی 9.3 ارب منافع کمایا جبکہ پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی 6.3 ارب کے ساتھ منافع بخش اداروں میں شامل رہی۔

فیسکو نے 6 ارب سے زائد منافع کمایا اور پاکستان ایگریکلچرل اسٹوریج سروس کا منافع بھی 6 ارب سے زیادہ رہا۔

مزید خبریں :