26 ستمبر ، 2023
پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان بھارت میں ہونے والا آئی سی سی ورلڈکپ جیتنے کے لیے پر عزم ہیں۔
اپنے ایک ویڈیو بیان میں شاداب خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی آپ پاکستان اسکواڈ کا حصہ بنتے ہو تو خوشی تو ہوتی ہے، ورلڈکپ ٹیم کا حصہ بننا اور بھی خوش آئند بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو ٹیم منتخب ہوئی ہے، یہ لڑکے کافی عرصے سے ساتھ کھیل رہے ہیں،کوشش کریں گے ٹیم میں جو بھائی چارہ ہے اس کو قائم رکھیں اور بھارت جاکر ورلڈکپ جیتیں۔
اس سے قبل ورلڈکپ کے لیے بھارت روانگی سے قبل منگل کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ انہی کھلاڑیوں نے پاکستان کو نمبر ون بنایا ہے، مجھے پتہ ہے کہ کون میرے لیے اور ٹیم کے لیے فائٹ کرتا ہے'۔
ورلڈکپ سے متعلق بابر نے کہا بھارت میں پہلی مرتبہ کھیلنے کا دباؤ نہیں ہے،کنڈیشنز کے بارے میں علم ہے،سابق کرکٹرز سے معلومات لینے کی کوشش کی ہے، ورلڈ کپ کے لیے بھرپور تیاری ہے، کوشش کریں گے کہ بطور ٹیم اچھا کھیل پیش کریں۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم بدھ کی علی الصبح بھارت کے لیے روانہ ہوگی جہاں وہ 29 ستمبر کو حیدر آباد میں پہلا وارم اپ میچ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلےگی۔
آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ اگلے ماہ اکتوبر میں بھارت میں کھیلا جائے گا، ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور فائنلسٹ نیوزی لینڈ کے درمیان احمد آباد میں ہوگا۔
پاکستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔